شک سے بچیے

جو لوگ آخرت کو (یا امور غیب کو)نہیں مانتے ، وہ کس نفسیات کے تحت ایسا کرتے ہیں، اس کو قرآن کی سورہ نمبر ۲۷ میں بیان کیا گیا ہے۔ فرمایا کہ اسکی وجہ یہ ہے کہ آخرت کے بارے میں ان کا علم الجھ گیا ہے۔ بلکہ وہ اس کے بارے میں شک میں مبتلا ہیں بلکہ وہ اس سے اندھے بنے ہوئے ہیں۔بل ادّارك علمهم فِي الآخِرَةِ بَلْ هُمْ فِي شَك مِنْهَا بَلْ هُمْ مِنْهَا عَمُونَ۔(النمل: ۶۶ )   

اس آیت میں اِدَّارک کا لفظ بے حد اہم ہے۔ اِدَّارک کی اصل تدارک ہے۔ پھر ادغام کے اصول کے مطابق ،ت کا حرف دال میں مدغم ہو گیا (لسان العرب ۴۱۹/۱۰) اِدَّارک یا تدارک کے ابتدائی معنی ہیں باہم مل جانا۔ قرآن میں ہے کہ حتی اذا ادَّار كوا فيھا جمیعًا(یہاں تک جب وہ سب لوگ اس میں اکٹھا ہو جائیں گے)

مختلف چیزیں جب اکٹھا ہوتی ہیں تو اس کا ایک نتیجہ اختلاط کی صورت میں نکلتا ہے۔ یعنی چیزیں باہم مل کر گڈمڈ ہو جاتی ہیں۔ اس طرح ادارک میں اختلاط اور گڈمڈ ہونے کا مفہوم پیدا ہو گیا۔ مذکورہ آیت میں اس لفظ کا یہی نتیجہ والا مفہوم مراد ہے۔ یعنی آخرت کے بارےمیں مختلف رایوں کی وجہ سے ان کے اندر ذہنی الجھن کی کیفیت پیدا ہوئی جو بالآخر شک اور اندھے پن تک پہنچ گئی۔

موجودہ دنیا دار الامتحان ہے۔ اس مصلحت کی بنا پر یہاں التباس (الانعام: ۹) کا قانون جاری ہے۔ یہاں حقیقتوں کو برہنہ صورت میں نہیں لایا جاتا بلکہ ملتبس صورت میں لایا جاتا ہے۔ کوئی حقیقت خواہ کتنے ہی زیادہ دلائل کے ساتھ ثابت کر دی جائے، ایک عنصر اس میں اشتباہ والتباس کا باقی رہتا ہے۔ یہی چیز شک کا باعث بنتی ہے۔ آدمی اس شک والے پہلو کو لے کر طرح طرح کے شبہات میں مبتلا ہو جاتا ہے یہاں تک کہ ایسا ہو جاتا ہے گویا وہ اندھا ہے اور اسے کچھ دکھائی نہیں دیتا۔

یہ شک کا پہلو امتحان کا تقاضا ہے۔ اس لیے وہ لازما ًموجود رہے گا۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ اپنی عقل سے کام لے کر شک کے پردے کو پھاڑے۔ اگر اس نے ایسا نہیں کیا تو وہ اس دنیا میں کبھی یقین کےمقام کو حاصل نہیں کر سکتا۔

 شک سے بچیے۔ شک تمام گمراہیوں کا سب سے بڑا دروازہ ہے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom