روایت کو توڑنا

قرآن میں قتل کی برائی کو بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جس شخص نے کسی آدمی کو بلا سبب قتل کیا تو اس نے گویا سارے آدمیوں کو قتل کر ڈالا۔ اور جس شخص نے ایک آدمی کی زندگی کو بچایا تو اس نے گویا تمام آدمیوں کو بچالیا(المائدہ: ۳۲                  ) اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک شخص جب اس قسم کا جرم کرتا ہے تو وہ احترام ِجان کی روایت کو توڑتا ہے۔ احترام جان کی روایت ایک قسم کی نفسیاتی رکاوٹ ہے جو لوگوں کو اس سے روکے رہتی ہے کہ وہ کسی کی زندگی پر حملہ کریں۔ مگر جب کسی سماج میں یہ روایت ایک بار توڑ دی جائے تو پھر نفسیاتی رکاوٹ کی دیوار گر جاتی ہے۔ ایک شخص کے بعد دوسرے لوگ اس مجرمانہ عمل پر جری ہو جاتے ہیں۔ اس طرح ایک آدمی کا قتل سارے آدمیوں کے قتل کا دروازہ کھول دیتا ہے۔

اس معاملے  کو سمجھنے کے لیے مسلم اسپین کی مثال لیجیے۔اسپین کے مسلم عہد کے آخر میں مسلمان اپنی نا اتفاقی کی بنا پر کمزور ہو گئے۔ اولاً وہ متفرق ریاستوں میں بٹ گئے۔ اور پھر ایک ایک کرکے یہ ریاستیں ختم ہوگئیں۔آخر میں انھوں نے سلطنت غرناطہ قائم کی جس کا پہلا سلطان نصر بن یوسف تھا جو ابن الاحمر کے نام سے مشہور ہے۔اسی بادشاہ نے غرناطہ میں مشہور محل الحمراء تعمیر کرایا۔

سلطنت غرناطہ کا تیسرا بادشاہ محمد مخلوع تھا۔ اس کو اس کے بھائی نصر بن محمد نے ۷۱۰ ھ میں قتل کرا دیا تا کہ اس کا کوئی سیاسی رقیب باقی نہ رہے۔ اس قتل نے شاہی محل کے اندر احترام ِجان کی روایت کو توڑ دیا اور پھر بادشاہوں کے قتل کا ایک لامتناہی سلسلہ چل پڑا۔ اس کے بعد سلطان ابو الولید کواس کے بھتیجے نے ۷۲۵ھ میں قتل کر ڈالا۔ اس کے بعد سلطان محمد تخت پر بیٹھا۔ اس کو اس کے رشتہ داروں نے ۷۳۳ ھ میں قتل کر دیا۔ اس کے بعد سلطان یوسف سلطنت غرناطہ کا حکمراں ہوا۔ مگروہ بھی ۷۵۵ ھ  میں نیزہ مارکر ختم کر دیا گیا۔ اس کے بعد سلطان اسماعیل تخت نشین ہوا۔ مگر ۷۶۱ م میں خود اس کے بھائی نے اس کو قتل کر دیا۔

غرض اس طرح ایک کے بعد ایک بادشاہوں کا قتل ہوتا رہا یہاں تک کہ ۸۹۷ھ (۱۴۹۲) میں خود سلطنت غرناطہ کا خاتمہ ہو گیا۔ روایت کا تحفظ انسانیت کا تحفظ ہے۔ اور روایت کو توڑنا انسانیت کو توڑنا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom