مطلوب عمل

كَعْبِ بْنِ عُجْرَة، قَالَ: مَرَّ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلٌ، فَرَأَى أَصْحَابُ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ جِلْدِهِ وَنَشَاطِهِ، فَقَالُوا: يَا رَسُولَ اللهِ: لَوْ كَانَ هَذَا فِي سَبِيلِ اللهِ؟، فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «إِنْ كَانَ خَرَجَ يَسْعَى عَلَى وَلَدِهِ صِغَارًا فَهُوَ فِي سَبِيلِ اللهِ، وَإِنْ كَانَ خَرَجَ يَسْعَى عَلَى أَبَوَيْنِ شَيْخَيْنِ كَبِيرَيْنِ فَهُوَ فِي سَبِيلِ اللهِ، وَإِنْ كَانَ يَسْعَى ‌عَلَى ‌نَفْسِهِ ‌يُعِفُّهَا فَهُوَ فِي سَبِيلِ اللهِ، وَإِنْ كَانَ خَرَجَ رِيَاءً وَمُفَاخَرَةً فَهُوَ فِي سَبِيلِ الشَّيْطَانِ۔(المعجم الكبير للطبراني: 282)

 کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزرا۔ آپ کے اصحاب نے اس کی محنت کو اور اس کی سرگرمی کو دیکھا۔ انھوں نے کہا کہ اے خدا کے رسول ، کاش اس کی یہ محنت اور سرگرمی اللہ کے راستے  میں ہوتی۔ آپ نے فرمایا کہ اگر وہ اپنے چھوٹے بچوں کے لیے دوڑ دھوپ کر رہا ہے تو اس کا عمل اللہ کے راستے  میں ہے۔ اور اگر وہ اپنے ماں باپ کے لیے دوڑ دھوپ کر رہا ہے تو اس کا عمل اللہ کے راستے  میں ہے۔ اور اگر وہ اپنی باعزت روزی کے لیے دوڑ دھوپ کر رہا ہے تو اس کا یہ عمل بھی اللہ کے راستے  میں ہے۔ اس کے برعکس اگر اس کی دوڑ دھوپ دکھا وے کے لیے اور فخرکے لیے ہو تو اس کا سارا عمل شیطان کے راستے  میں ہے۔ "

 "اللہ کے راستے  میں عمل" کسی خاص شکل والے عمل کا نام نہیں، وہ نیت یا قلبی محرک کا نام ہے۔ جو شخص خدائی نیت کے تحت عمل کرے ، اس کا عمل خدا کے راستے  میں ہے۔ جو شخص کسی اور نیت کے تحت عمل کرے، تو اس کا عمل اسی راستے  میں ہے جس کی اس نے نیت کی تھی۔

ایک آدمی کے یہاں چھوٹے بچے ہیں۔ اس نے سوچا کہ یہ بچے میرے لیے خدا کی ذمہ داری کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ سوچ کر وہ ان کی ضروریات فراہم کرتا ہے تو وہ خدا کی راہ میں عمل کرتا ہے۔ ایک آدمی کے یہاں بوڑھے والدین ہیں۔ وہ محسوس کرتا ہے کہ والدین کی خدمت میرے اوپر خدائی فريضہ ہے۔ اس احساس کے تحت وہ اپنے والدین کی خدمت کرتا ہے تو وہ خدا کی راہ میں عمل کر رہا ہے۔ ایک شخص کے سامنے اپنے فطری تقاضے ہیں۔ وہ شریعت الہٰی کے دائرے میں اپنی فطری حاجتوں کو پورا کرنے کے لیے سرگرم ہوتا ہے تو وہ خدا کی راہ میں عمل کرتا ہے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom