نرم انداز

امام بخاری نے حضرت جابر بن عبداللہ کے واسطے سے نقل کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ اس آدمی پر رحم کرے جو خرید نے اور بیچنے اور تقاضا کرنے کے وقت نرمی برتتا ہے۔ عَنْ جَابِرٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: رَحِمَ اللَّهُ رَجُلًا ‌سَمْحًا إِذَا بَاعَ وَإِذَا اشْتَرَى وَإِذَا اقْتَضَى (مشكاة المصابيح: 2790)

 اس حدیث میں اصلاً آخرت کا معاملہ بتایا گیا ہے۔ یعنی جو تاجر ایسا کرے کہ وہ لوگوں کے ساتھ خرید و فروخت کے وقت نرمی کا معاملہ کرے۔ کسی کے ذمے اس کا بقایا ہو تو نرمی اور شرافت کے ساتھ اس کا تقاضا کرے تو آخرت میں اللہ تعالیٰ اس کے ساتھ رحم کا معاملہ فرمائے گا۔ چناں چہ  ایک اور حدیث میں ہے کہ ایک شخص لین دین میں لوگوں سے درگزر کا سلوک کرتا تھا۔ جب آخرت میں اس کا معاملہ پیش ہوا تو اللہ تعالی نے فرمایا کہ میرے بندے سے در گذر کرو، کیوں کہ میں اس قسم کے سلوک کا زیادہ حق رکھتا ہوں (فقال الله تعالى أنا أحق بذا منك، تجاوزوا عن عبدى)

 تاہم اسلام میں دنیا اور آخرت الگ الگ نہیں ہیں۔ جو چیز آخرت کے اعتبار سے مفید ہے،اسی میں دنیا کا فائدہ بھی پوری طرح رکھ دیا گیا ہے۔

 ایک بار میں نے ایک کامیاب دکاندار سے پوچھا کہ کاروبار میں کامیابی کے لیے کیا چیز ضروری ہے۔ اس نے جواب دیا : نرم بات۔ یہ عین وہی چیز ہے جو حدیث میں بتائی گئی ہے۔

 اگر دنیا میں صرف کوئی ایک دکاندار ہوتا تو اس کو نرمی کا انداز اختیار کرنے کی ضرورت نہ ہوتی۔ اس کو اجارہ داری حاصل رہتی اور ہر شخص اپنی ضرورت سے مجبور ہو تاکہ ہر حال میں اسی سے سوداخریدے۔ مگر دنیا میں بے شمار دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔ اب ایک شخص جس کی جیب میں قیمت ہے، وہ آپ ہی سے خریداری کیوں کرے گا۔ یہاں آپ کو یہ کرنا ہے کہ گاہک کی ضرورت کا مال دینے کے ساتھ اس کو اپنے نرم اخلاق سے خوش کر یں۔ حتی کہ اگر وہ کسی وجہ سے سخت رویہ اختیار کرے تب بھی آپ اس کے ساتھ نرم سلوک کرنا نہ چھوڑیں۔

 موجودہ دنیا میں تجارتی کامیابی کا سب سے بڑا راز یہی ہے۔ نرم انداز آدمی کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے اور سخت انداز ناکامی کی طرف۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom