چپ کی طاقت

پرانا مثل ہے کہ "ایک چپ ہزار بلا ٹالتی ہے "یہ بہت با معنی ہے اور طویل انسانی تجربہ پر مبنی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ چپ رہنا بذات خود ایک طاقت ور ہتھیار ہے، بشرطیکہ اس ہتھیار کو اس کے تمام تقاضوں کے ساتھ استعمال کیا جائے۔

غالباً ۱۹۶۶ کی بات ہے ۔ میں لکھنؤ اور شاہ گنج کے درمیان ٹرین سے سفر کر رہا تھا۔ یہ دہرہ دون اکسپرس تھی اور میں پرانے نام کے مطابق تھرڈ کلاس اور نئے نام کے مطابق سکنڈ کلاس کے ایک ڈبہ میں تھا۔ پورے ڈبہ میں بظاہر میں اکیلا مسلمان تھا۔

سفر کے درمیان ایسا ہوا کہ مجھے ٹائلٹ جانے کی ضرورت پیش آئی۔ میں اپنی سیٹ سے اٹھ کر ڈبہ کے ٹائلیٹ کے پاس گیا۔ میں نے حسب عادت دروازہ آہستگی سے کھولا ۔ مگر دروازہ ذرا سا کھلا تھا کہ اندر سے کپڑے کی صورت دکھائی دی۔ میں نے فوراً دروازہ بند کر دیا اور واپس آکر اپنی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ واقعہ یہ تھا کہ ٹائیلٹ کے اندر ایک ہندو خاتون موجود تھیں ۔ مگر انھوں نے قاعدہ کے مطابق دروازہ کا بولٹ نہیں لگایا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ دروازہ کسی قدر کھل گیا۔

عورت کا ہندو شوہر میرے قریب کی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس منظر کو دیکھتے ہی وہ بگڑ گیا ۔ وہ غصہ اور نفرت سے بھر کر میرے اوپر پل پڑا۔ وہ جوش میں اٹھ کر کھڑا ہو گیا اور مجھے بری طرح ڈانٹا اور برا بھلا کہنا شروع کیا ۔ میں نے کہا کہ دروازہ اندر سے بند نہ تھا اور مجھ کو معلوم نہ تھا کہ اندر کوئی ہے ، ورنہ ہرگز میں دروازہ کھولنے کی کوشش نہ کرتا۔ مگر میری وضاحت کا ہر لفظ اس کو اور زیادہ برہم کر رہا تھا۔ حتی کہ بظاہر ایسا معلوم ہوا کہ وہ مجھے کھڑکی کے راستہ سے باہر پھینک دے گا۔

لمبی بوگی پوری طرح بھری ہوئی تھی۔ مگر سارے ڈبہ میں کوئی ایک شخص بھی میری حمایت کے لیے نہیں اٹھا ۔ آخر میں میں بالکل خاموش ہو گیا ۔ میں مذکورہ شخص کی طرف دیکھ رہا تھا مگر میرے چہرے پر خوف یا اشتعال کا ذرا سا بھی کوئی اثر نہ تھا۔ میں انتہائی غیر جذباتی انداز میں اسٹیچو کی طرح خاموشی کے ساتھ اس کو دیکھتا رہا۔ اب وہ ٹھنڈاپڑ نے لگا، یہاں تک کہ بالکل چپ ہو گیا۔ دوسرے کو چپ کرنے کی سب سے آسان تدبیر صرف ایک ہے ––––– اپنی زبان کو یک طرفہ طور پر بند کر لینا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom