آخر سے آغاز

ایک صاحب سے ملاقات ہوئی ۔ انھوں نے کہا کہ میں الرسالہ پابندی کے ساتھ پڑھتا ہوں۔ مگر فسادات کے معاملہ میں آپ کے نظریہ سے مجھے اتفاق نہیں ۔ میں نے پوچھا کیوں ۔ انھوں نے پر جوش طور پر کہا کہ آپ صبر و اعراض کو فساد کے مسئلہ کا حل بتاتے ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ صبرو اعراض کہاں تک ۔ اگر فرقہ پرست لوگ ہمارے گھروں میں گھس آئیں اور ہماری ماں بہن کو بے عزت کرنے لگیں تو کیا اس وقت بھی ہم صبر و اعراض کی پالیسی پر عمل کرتے رہیں گے ۔

میں نے کہا کہ آپ کی مشکل یہ ہے کہ آپ کہانی کو آخر سے شروع کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ الرسالہ کی بات آپ کی سمجھ میں نہیں آتی۔ فرقہ پرستوں کا گھر کے اندرگھس جانا یہ کہانی کا آخری حصہ ہے۔ یہی وہ چیز نہیں جہاں سے کہانی شروع ہوتی ہو۔

پھر میں نے کہا کہ ہندستان کا کوئی فرقہ وارانہ فساد ایسا نہیں ہے جو یہاں سے شروع ہوا ہو کہ اچانک فرقہ پرست لوگ مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر غنڈہ گردی کرنے لگے ہوں۔ اگر آپ ایسے کسی فساد کا نام بتائیں تو میں سفر کر کے وہاں جاؤں گا اور اس کی تحقیق کروں گا ۔ مگروہ ایسےکسی فساد کا نام و پتہ نہ بتا سکے ۔

اصل یہ ہے کہ فرقہ وارانہ فساد ہمیشہ "سڑک "سے شروع ہوتا ہے نہ کہ "گھر "سے۔ مثلاً ہندوؤں کا ایک جلوس نکلتا ہے۔ وہ باجا بجاتا ہوا مسجد کے سامنے سے گزرتا ہے۔ مسلمان انتہائی نا قابل فہم طور پر اس کو اپنے لیے قومی وقار کا مسئلہ بنالیتے ہیں اور اس کے مقابلے میں روک ٹوک شروع کر دیتے ہیں۔ یہاں سے بات بڑھتی ہے جو بالآخر فساد تک پہونچتی ہے۔ اگر مسلمان ابتدائی مرحلہ میں صبر و اعراض کا طریقہ اختیار کر لیں تو "سٹرک" کا واقعہ سڑک تک رہ جائے ، وہ" گھر" کے اندر تک نہ پہونچے۔

اس قسم کے تمام جھگڑے صرف نادانی ہیں ، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ فرقہ وارانہ فسادات در اصل مسلمانوں کی نادانی کی قیمت ہیں۔ نادانی نے انہیں پیدا کیا ہے، اور نادانی کو ختم کر کے ہی ان کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ دوسری ہر تدبیر صرف فساد کو بڑھانے والی ہے نہ کہ فساد کو گھٹانے والی۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom