ہائی پروفائل، لو پروفائل
کام کرنے کے دو طریقے ہیں۔ ایک ہے ہائی پروفائل (high profile) کے انداز میں کام کرنا، اور دوسرا ہے لو پروفائل (low profile) کے انداز میں کام کرنا۔ ہائی پروفائل کا انداز ہمیشہ مایوسی اور شکایت کی طرف لے جاتا ہے۔ اس کے برعکس، لو پروفائل کا انداز ہمیشہ امید اور حوصلہ پیدا کرتا ہے۔ ہائی پروفائل بے نتیجہ شو ر وغل پر ختم ہوتا ہے، اور لو پروفائل کامیابی کا نیا راستہ کھولنے والا ہے۔ لو پروفائل کے طریقے میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ سوچنے اور احتساب کرنے کا موقع موجود رہتا ہے۔ اس کے برعکس، ہائی پروفائل کے طریقے میں سوچنے اور احتساب کرنے کا موقع موجود نہیں رہتا۔ ہائی پروفائل کا مطلب ہے— کام اس طریقے سے کرنا کہ لوگوں میں چرچا ہونے لگے:
attracting a lot of attention and interest from the public and newspapers, television, etc
اس کے برعکس، لو پروفائل کا مطلب ہے— ایسا طریقہ جس میں زیادہ شہرت نہ ہو، اور کام خاموشی کے ساتھ کیا جائے:
the activities or behaviour not attracting much attention or interest from the public, newspapers, television, etc
لو پروفائل میں کام کرنے کا فائدہ یہ ہوتاہے کہ آدمی دوسروں کے لیے چیلنج نہیں بنتا۔ ہر آدمی اپنے دائرے میں اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ اس وجہ سے وہ بغیر کسی ٹکراؤ کے اپنے مقصد کو حاصل کرلیتا ہے۔ اس کے برعکس، ہائی پروفائل میں یہ ہوتاہے کہ دوسرے لوگ آپ کو اپنے لیے چیلنج سمجھ لیتے ہیں، اور غیر ضروری طور پر آپ کو اپنا حریف (rival) سمجھنے لگتے ہیں۔ لو پروفائل میں آدمی اپنے عمل کا آغاز ممکن سے کرتاہے۔ اس کے برعکس، ہائی پروفائل میں آدمی ممکن اور غیر ممکن کا فرق نہیں کرتا۔ وہ اپنے حوصلہ کے مطابق ہر طرح کے حالات میں کود پڑتا ہے۔ وہ اس مشہور انگریزی مثل کے مصداق ہوتا ہےکہ نادان انسان وہاں چلا جاتا ہے، جہاں داخل ہونے سے فرشتے بھی ڈرتے ہیں :
fools rush in where angels fear to tread