پہلا جھٹکا

امام ابو داؤد نے ادب کے تحت یہ حدیث 4784 نقل کی ہے کہ عبداللہ ابن بجیر الصنعانی کہتے ہیں کہ ہم عروہ بن محمد السعدی کے پاس گئے۔ اس وقت ایک شخص نے ان سے بات کی اور ان کو غضب ناک کر دیا۔ اس کے بعد وہ اٹھے اور وضو کیا۔ پھر انھوں نے کہا کہ میرے باپ نے میرے دادا عطیہ سے نقل کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ غصہ شیطان سے ہے۔ اور شیطان آگ سے پیدا کیا گیا ہے۔ اور آگ پانی سے بجھائی جاتی ہے۔ پس تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو وہ وضو کر لے۔فَإِذَا ‌غَضِبَ ‌أَحَدُكُمْ فَلْيَتَوَضَّأْ۔(سنن أبي داود: 4784)

اسی طرح حدیث میں آیا ہے کہ آدمی کو جب غصہ آئے تو وہ اگر کھڑا ہے تو وہ بیٹھ جائے۔ اور اگر بیٹھا ہے تو وہ لیٹ جائے۔ وہ اپنی زبان سے کہے کہ اے اللہ، میں شیطانِ رجیم سے تیری پناہ چاہتا ہوں (اللهم إنى أعوذ بك من الشيطٰن الرجيم)

 جب کوئی شخص آپ کو برا کہے یا آپ کے خلاف زیادتی کا کوئی کلمہ کہہ دے تو فوری طور پر آپ کے دل کو سخت جھٹکا لگتا ہے۔ آپ کے اندر غصہ کی آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ اس وقت اگر پہلے جھٹکے کو برداشت کر لیا جائے تو ایک لمحہ کے بعد اندر کی آگ بجھ جائے گی۔ اور آپ ایک نارمل انسان کی مانند ہو جائیں گے۔ اس کے برعکس اگر پہلے جھٹکے کو برداشت نہ کرتے ہوئے ردِ عمل کا طریقہ اختیار کیا جائے تو رد عمل اور جوابی ردعمل کی صورت میں سلسلہ بڑھنے لگتا ہے۔ یہاں تک کہ غصہ ٹکراؤ  تک پہونچ جاتا ہے اور ٹکراؤ ہلاکت اور تباہی تک۔

حدیث میں جو باتیں کہی گئی ہیں، وہ گویا معاملے  کو پہلے جھٹکے پرختم کرنے کی کچھ علامتی تدبیریں ہیں۔ حالات کے لحاظ سے اس قسم کی کوئی بھی تدبیر اختیار کی جاسکتی ہے۔ مثلا ًغصےکے وقت اپنے مقام سے ہٹ جانا۔ کمرہ سے نکل کر کھلی فضا میں ٹہلنے لگنا، ٹھنڈے پانی کا ایک گلاس لے کر پی لینا، وغیرہ۔ کسی بھی طرح اگر آپ نے پہلے جھٹکے کو سہہ لیا تو اس کے جلد ہی بعد آپ محسوس کریں گے کہ آپ کے سینے میں غصے کا ہیجان ختم ہو چکا ہے۔ آپ ایک معتدل انسان بن چکے ہیں جس طرح آپ غصہ سے پہلے ایک معتدل انسان تھے۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom