حمدِ الٰہی

سب سے بڑی لذت حقیقتِ اعلیٰ کا ادراک ہے۔ آدمی کے لیے سب سے زیادہ خوشی کا لمحہ وہ ہو تا ہے جب کہ وہ حقیقت ِاعلٰی کی معرفت حاصل کرے اور اس کو اپنے لفظوں میں بیان کر سکے۔ یہی وہ چیز ہے جس کو شریعت میں "حمد "کہا گیا ہے۔

خدا اس کائنات کی سب سے بڑی حقیقت ہے۔ اس لیے خدا کی دریافت کسی انسان کے لیے لذ¬¬ت و انبساط کا سب سے بڑا سر چشمہ ہے۔ آدمی جب اس حقیقتِ کبرٰی کو دریافت کرتا ہے تو اس پر ابتہاج و انبساط کی ناقابل بیان کیفیت طاری ہوتی ہے۔ اس وقت اس کی زبان سے اعتراف کے جو ربانی کلمات نکل پڑتے ہیں اسی کا نام حمد ہے۔ قرآن کی آیت (الحمدللہ رب العالمین) میں اسی حقیقت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔

موجودہ دنیا میں کسی انسان کی سب سے بڑی یافت یہ ہے کہ اس کو حقیقی معنوں میں الحمدللہ رب العالمین کہنے کی توفیق مل سکے۔ کوئی شخص اُس معرفتِ خداوندی کا تجربہ کرے جو آدمی کے اندرون کو ربانی نور سے روشن کر دیتا ہے اور اس کی زبان پر حمد وشکر کے نغمے جاری ہو جاتے ہیں۔

تاہم موجودہ دنیا میں ہر چیز ناقص و ناتمام حالت میں ہے۔ اس لیے یہاں جو چیز بھی انسان کو ملتی ہے وہ ناقص و نا تمام حالت میں ملتی ہے۔ اسی طرح معرفتِ الٰہی اور حمد ِخداوندی کی توفیق بھی موجودہ دنیا میں صرف ناقص صورت میں مل سکتی ہے۔ یہاں کسی انسان کے لیے معرفتِ کلی اور حمدِ کامل کی نعمت ملناممکن نہیں۔ یہ سب سے بڑی خوشی ان نادر روحوں کے لیے مقدر ہے جن کو اگلے مرحلہ ٔحیات میں جنت کا داخلہ دیا جائے۔ قرآن میں بتایا گیا ہے کہ جنت میں اہلِ ایمان کہیں گے کہ الحمد للہ رب العالمین (الزمر:۷۵        ) اس سے مراد کلمۂ حمد کا وہ اعلیٰ اور کامل اظہار ہے جس کا موقع صرف جنت کی کامل اور معیاری دنیا میں حاصل ہوگا۔

جنت کا انسان کامل ترین صورت میں حقیقت کا ادراک کرے گا، اس لیے وہ کامل ترین صورت میں کلمۂ حمد کا اظہار کر سکے گا۔ یہ برتر لذت کی وہ قسم ہے جو صرف اہل جنت کے حصہ میں آئے گی۔ موجودہ دنیا میں جو لوگ آج کی سطح پر حمد ِخداوندی کا ثبوت دیں گے وہی وہ خوش قسمت لوگ ہیں جو آخرت کی دنیا میں کل کی سطح پر حمدِ خداوندی کی توفیق پائیں گے۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom