صلح بہتر ہے

  قرآن کی سورہ نمبر ۴ میں شوہر اور بیوی کے درمیان نزاع کاذکر ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ اس مسئلہ کاحل کس طرح تلا ش کیاجائے۔ اس سلسلے میں ارشاد ہوا ہے:

  اور اگر کسی عورت کو اپنے شوہر کی طرف سے بدسلو کی یا بے رخی کا اندیشہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں کہ دونوں آپس میں صلح کرلیں اور صلح بہتر ہے۔اور حرص انسان کی طبیعت میں بسی ہوئی ہے اور اگر تم اچھاسلوک کرو اور خدا ترسی سے کام لوتو جو کچھ تم کرو گے اللہ اس سے باخبر ہے۔(النساء:۱۲۸)

  قرآن کی اس آیت میں صلح کو بہتر بتایا گیا ہے۔ یہ بات بظاہر خاندانی نزاع کے بارےمیں ہے مگر اس کا تعلق پوری زندگی سے ہے۔ صلح ایک ا علیٰ تدبیر ہے جوہر نزاعی مسئلہ کا واحد کامیاب حل ہے، خواہ و ہ نزاعی مسئلہ انفرادی ہو یا اجتماعی، خواہ وہ قومی ہو یا بین اقوامی۔

  جب بھی دوآدمیوں یا دوفریقوں کے درمیان کوئی نزاع پیش آتی ہے تو اس نزاع کوحل تک نہ پہنچنے کا سبب صرف ایک ہوتا ہے، اور وہ حرص ہے۔ اس موقع کے لحاظ سے حرص کامطلب یہ ہے کہ عملا جو کچھ مل رہا ہے اس پر راضی نہ ہو نا اور اس سے زیادہ چاہنا۔ یہی حرص یازیادہ چاہنے کا مزاج نزاع کو ختم نہیں ہونے دیتا۔ وہ آخر کار بڑھ کر باقاعدہ ٹکراؤ  کا سبب بن جاتا ہے۔

  اس کے مقابلے  میں صلح یہ ہے کہ بروقت جو کچھ عملی طور پر مل رہا ہے اس پر راضی ہو کر معاملہ کو ختم کر دینا۔ جب ایک شخص صلح کے اس طریقہ کو اختیار کرے تو اپنے آپ نزاع کی حالت ختم ہوجاتی ہے۔ اس کے بعد یہ نوبت ہی نہیں آتی کہ نزاع بڑھ کر ٹکراؤ  بن جائے۔ نتیجے کے اعتبار سے دیکھیے تو حرص کا طریقہ ہمیشہ مزید نقصان کا سبب بنتا ہے، اور صلح کا طریقہ کام کے مواقع کھو لتا ہے جس کو استعمال کرکے مزید ترقی حاصل کرلی جائے۔

  صلح کوئی سادہ بات نہیں۔ صلح کوئی انفعالی روش نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ صلح اپنے آپ میں سب سے بڑاعمل ہے۔ صلح بظاہر میدان مقابلہ  سے واپسی ہے۔ مگر عملا وہ اقدام کی سب سے بڑی تدبیر ہے۔ جب کہ کوئی فردیا گروہ صلح کرلے تو اس کامطلب یہ ہوتا ہے کہ اس نے اپنے لیے ایک ایسا ماحول پالیا جس کے اندر وہ ٹکراؤ  میں وقت ضائع کیے بغیر اپنے پورے وقت اور طاقت کو اپنے تعمیری منصوبہ میں لگائے۔

  غیر مصالحانہ طریقہ، زندگی کے سفر کو روک دیتا ہے۔ اس کے برعکس مصالحانہ طریقہ، زندگی کے سفر کوروکے بغیر دوبارہ مزید اضافے کے ساتھ جاری کر دتیاہے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom