پھر سے سوچئے

پھر سے سوچئے— یہ زندگی کا ایک اصول ہے۔ زندگی میں بار بار ایسا ہوتاہے کہ حالات بدل جاتے ہیں،اندازے غلط ثابت ہوتے ہیں، کوشش کا مطلوب نتیجہ نہیں نکلتا۔ یہ صورت حال ہمیشہ انسانی زندگی میں قائم رہتی ہے۔ اِس لیے انسان کو بار بار یہ کرنا پڑتا ہے کہ و ہ پھر سے سوچے۔ وہ معاملات میں نظرِ ثانی (reassessment)کا طریقہ اختیار کرے۔ وہ نتیجے کو دیکھ کر دوبارہ اپنے عمل کی منصوبہ بندی کرے۔ پھر سے سوچنے کا یہ عمل اتنا زیادہ اہم ہے کہ اس کو اختیار نہ کرنا، انسان کو صرف تباہی میں ڈالنے کا سبب بن جاتا ہے۔

پھر سے سوچنے کے اصول کا تعلق فرد سے بھی ہے اور اجتماعی زندگی سے بھی۔ ایک فرد کو بھی یہ کرنا ہے کہ وہ اپنے فکر وعمل کا بار بار محاسبہ کرتا رہے۔ وہ اپنی زندگی میں تصحیح (correction)کا عمل جاری رکھے۔ وہ مسلسل نظر ثانی کے ذریعے اپنی سوچ کو بھی درست کرتا رہے اور اپنے عمل کو بھی نتیجہ خیز رخ پر جاری رکھے۔

اِس عمل کو دوسرے الفاظ میں چیک اور بیلنس (check and balance) کہاجاسکتا ہے، یعنی معاملات کو غیر متعصبانہ انداز میں چیک کرتے رہنا، اور دوبارہ اس کو درست رخ پر لے جانا۔ موجودہ دنیا میں حقیقی کامیابی کے لیے یہ طریقہ لازمی طورپر ضروری ہے۔ اِس دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو مسلسل طورپر اپنی زندگی میں اِس طریقے کو اپنائے ہوئے ہوں۔ جو فرد یا قوم اِس اصول کو نظر انداز کرے، اُس کے حصے میں یقینی طور پر ناکامی کے سوا اور کچھ نہیں آئے گا۔ ایسے لوگ اگر اپنی ناکامی کا الزام دوسروں کو دیں اور اُن کے خلاف شکایت اور احتجاج کا طوفان اٹھائیں تو یہ ایک نادانی کے اوپر دوسری نادانی کا اضافہ ہوگا۔ حقیقی صورتِ حال میں اِس سے کوئی تبدیلی واقع ہونے والی نہیں۔

ٹریفک میں جس طرح یوٹرن (U-turn) کا اصول ہے، ٹھیک اُسی طرح زندگی میں پھر سے سوچنے کا اصول ہے۔ پھر سے سوچنا گویا اپنے فکر و عمل کے معاملے میں یو ٹرن لینا ہے۔ سفر جتنا ضروری ہے، اتنا ہی ضروری یہ بھی ہے کہ زندگی کی گاڑی اگر غلط رخ پر چل پڑے تو آپ اپنی گاڑی کو روک کر دوبارہ اس کو صحیح رخ کی طرف لوٹا دیں۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom