اخلاق کیا ہے
اخلاق یا اخلاقیات کا تعلق اُس انسانی موضوع سے ہے جس میں یہ بتایا جاتا ہے کہ سماجی زندگی میں رہتے ہوئے کسی انسان کے لیے کون سا رویہ درست ہے اور کون سا رویہ درست نہیں:
Morality: Principles of right and wrong in conduct.
افراد کے اندر اچھا اخلاق ہونا کسی سماج کو اچھا سماج بناتا ہے۔ اور افراد کے اندر برا اخلاق ہونا کسی سماج کو برا سماج بنا دیتا ہے۔ اخلاق دراصل، داخلی احساس کا خارجی اظہار ہے۔ داخلی سطح پر کوئی انسان جیسا ہوگا، اُس کا اثر اس کے خارجی برتاؤ پر پڑے گا۔ اخلاقی اصلاح کا کام داخلی اصلاح سے شروع ہوتا ہے، نہ کہ صرف خارجی احکام دینے سے۔
اخلاق کے دو معیار ہیں —ایک ہے، اُس کا کم سے کم (minimum) معیار۔ اور دوسرا ہے، اس کا زیادہ سے زیادہ (maximum) معیار۔ کسی انسان کے بارے میں یہ جاننے کے لیے کہ وہ اخلاق کی کس سطح پر ہے، اِنھیں دونوں معیاروں کی روشنی میں اس کو جانچا جائے گا۔ یہی دونوں معیار ہیں جو کسی انسان کی اخلاقی سطح کا تعین کرتے ہیں۔
اچھے اخلاق کا کم سے کم معیار یہ ہے کہ آدمی دوسروں کے درمیان اِس طرح رہے کہ وہ اُن کے لیے مکمل طورپر ایک بے مسئلہ انسان (no-problem person) بن جائے۔ وہ دوسروں کے لیے کسی قسم کی ناگواری(nuisance) پیدا نہ کرے۔ اس کا کوئی رویہ دوسروں کے لیے بے جا مداخلت نہ بنے۔ اخلاق کا اعلیٰ معیار یہ ہے کہ آدمی دوسروں کے لیے سچا خیر خواہ(true well-wisher) بن جائے۔ اس کے دل میں دوسروں کے لیے وہی شفقت ہو جو اس کے دل میں اپنی اولاد کے لیے ہوتی ہے۔وہ دوسروں کے لیے وہی اچھی زندگی چاہے جو اچھی زندگی وہ خود اپنے لیے چاہتا ہے۔ وہ ہر موقع پر دوسروں کا مددگار بننے کے لیے تیار ہو۔ اُس کے دل میں دوسروں کے لیے صرف مثبت جذبات ہوں، اس کا دل دوسروں کے لیے ہر قسم کے منفی احساس سے پوری طرح خالی ہوجائے۔