خبر نامہ اسلامی مرکز— 194

1 - وشویُوا کیندر ( نئی دہلی) کے آڈی ٹوریم میں 12 جنوری 2009 کو ایک سیمنار ہوا۔ اِس کا موضوع یہ تھا:

Seminar on Youth and Peace Initiative

اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اِس سیمنار میں شرکت کی، اور اس موضوع پر ایک تقریر کی۔ تقریرکے بعد سوال وجواب کا پروگرام ہوا۔ اِس موقع پر سی پی ایس کی ٹیم کے افراد بھی وہاں موجود تھے۔ انھوں نے مہمانانِ خصوصی اور حاضرین کو مطالعے کے لیے قرآن کا نیا انگریزی ترجمہ اور دعوتی لٹریچر دیا۔

2 - جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) کے انصاری آڈی ٹوریم میں 17 جنوری 2009 کو ایک سیمنار ہوا۔ یہسیمنار فیکلٹی آف رلیجس اسٹڈی (Mc Gill University Canada) اور جامعہ ملیہ کے تعاون سے کیاگیا۔ اس سیمنار کا موضوع یہ تھا:

Global Congress on World’s Religions, After September 11, An Asian Perspective.

اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اس میں شرکت کی اور موضوع پر ایک تقریر کی۔ یہ تقریر انگریزی زبان میں تھی۔ اس موقع پر سی پی ایس کی ٹیم کے افراد وہاں موجود تھے۔ انھوں نے حاضرین کو مطالعے کے لیے دعوتی لٹریچر دیا۔ انھوں نے کنیڈا سے آئے ہوئے مہمانوں کو دعوتی لٹریچر کے علاوہ صدر اسلامی مرکز کا نیا انگریزی ترجمہ قرآن دیا۔ جامعہ کے طلبا نے بڑے پیمانے پر ہمارے ساتھیوں سے اردو اور انگریزی زبان میں چھپا ہوا اسلامی لٹریچر حاصل کیا۔

3 - قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (نئی دہلی) کی طرف سے 17-25 جنوری 2009 کو بمبئی (بائی کلاّ) میں دسواں کل ہند بک فیئر لگایا گیا۔ ادارہ گڈ ورڈ بکس (نئی دہلی) نے بھی اس بُک فیئر میں حصہ لیا۔ یہ بک فیئر بہت کامیاب رہا۔ لوگوں نے بڑی تعداد میں گڈ ورڈ کے اسٹال سے صدر اسلامی مرکز کی کتابیں حاصل کیں۔ اسٹال پر آنے والے لوگوں کو دعوتی پمفلٹ مفت دئے گئے۔ الرسالہ مشن سے وابستہ بمبئی کے ساتھیوں نے اِس موقع پر اپنا خصوصی تعاون دیا۔ اِس بک فیئر میں ایک نیا تجربہ کیاگیا۔ یہ انعامی مقابلے کا تجربہ تھا۔ اِس انعامی مقابلے میں مختلف موضوعات پر دس سوالات کئے گئے تھے۔ مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلبا کو صدر اسلامی مرکز کی کتابیں دی گئیں، اور ایک سال کے لیے ماہ نامہ الرسالہ اُن کے نام جاری کیا گیا۔ انعامی مقابلے کا یہ پروگرام مسٹر شاہ عمران حسن نے بنایا تھا۔

4 - بھاؤ نگر (گجرات) میں 25-27 فروری 2009 کو ایک سہ روزہ کنونشن ہوا۔ یہ کنونشن سد بھاؤنا فورم کی طرف سے کیا گیا تھا۔ اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اس میں شرکت کی اور اسلام کے تعارف پر ایک تقریر کی۔ صدر اسلامی مرکز کے ساتھ اِس سفر میں سی پی ایس کی ٹیم کے چار مزید افراد بھی شامل تھے۔ اِن لوگوں نے کنونشن کے شرکاء اور مہمانوں کو مطالعے کے لیے اسلامی لٹریچر اور قرآن کا انگریزی ترجمہ دیا۔ لوگوں نے اس کو نہایت شوق سے لیا۔ انشاء اللہ اس سفر کی روداد سفرنامے کے تحت الرسالہ میں شائع کردی جائے گی۔

5 - نئی دہلی کے میٹری کالج (Maitrey College) کے ہال میں 10 فروری 2009 کو ایک پروگرام ہوا۔ یہ پروگرام صدر اسلامی مرکز کے خطاب کے لیے کیا گیا۔ پروگرام کا موضوعIslam and Terrorism تھا۔

اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اس پروگرام میں شرکت کی اور قرآن اور حدیث کی روشنی میں موضوع پر ایک گھنٹہ تقریر کی۔ تقریر کے بعد سوال و جواب کا پروگرام ہوا۔ سی پی ایس کے افراد بھی وہاں موجود تھے۔ انھوں نے حاضرین کو مطالعے کے لیے اسلامی لٹریچر دیا۔ یہ لڑکیوں کا ایک کالج ہے۔ پورا ہال طالبات اور ٹیچروں سے بھرا ہوا تھا۔ سامعین نے ہمارے ساتھیوں سے قرآن کی کاپیاں حاصل کیں۔ قرآن کے نسخے ختم ہو جانے پر انھوں نے اپنے پتے لکھ کردیے اور کہا کہ اِس پتے پر آپ ہم کو قرآن کی کاپیاں بھجوادیں۔ یہ پورا پروگرام انگریزی زبان میں تھا۔

6 - نظام الدین ویسٹ ایسوسی ایشن (نئی دہلی) کے ہال میں 21 فروری 2009 کو ایک پروگرام ہوا۔ یہ پروگرام انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (نئی دہلی) کے ممبران کی ایک خصوصی میٹنگ پر مشتمل تھا۔ اِس موقع پر سی پی ایس کی ٹیم کے لوگوں نے حاضرین کو مطالعے کے لیے اسلامی لٹریچر دیا۔

7 - شری ستیہ سائی سیوا آرگنائزیشن (نئی دہلی) کی طرف سے 28 فروری 2009 کو سائی انٹرنیشنل سنٹر (نئی دہلی) کے مین آڈی ٹوریم میں ایک پروگرام ہوا۔ یہ پروگرام سائی یونی ورسٹی کے فارغین کی طرف سے کیاگیاتھا۔ اِس پروگرام کا موضوع یہ تھا Unity of Faiths

اِس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز نے اس میں شرکت کی اور موضوع پر ایک تقریر کی۔ تقریر کے بعد سوال وجواب کا پروگرام ہوا۔ اِس کے صدرمیئر چیف مارشل این سی سوری تھے۔ انھوں نے اپنے صدارتی کلمات میں مائک سے یہ اعلان کیا کہ آپ لوگ قرآن کو پڑھ کر اسلام کے بارے میں کوئی رائے قائم کریں۔ اِس اعلان کے بعد حاضرین نے سی پی ایس کے افراد سے قرآن کا انگریزی ترجمہ حاصل کیا۔ اِس کے علاوہ، ان لوگوں کو مطالعے کے لیے اسلامی لٹریچر دیاگیا۔

8 - آل انڈیا امام آرگنائزیشن (نئی دہلی) کی طرف سے 7 مارچ 2009 کو غالب اکیڈمی (نئی دہلی) میں ایک کانفرنس ہوئی۔ اِس کانفرنس کا موضوع یہ تھا— کل ہند تنظیم ائمہ مساجد کانفرنس

اس کی دعوت پر صدر اسلامی مرکز کسی وجہ سے اس میں شرکت نہ کرسکے۔ تاہم الرسالہ مشن سے وابستہ کچھ افراد اِس پروگرام میں شریک ہوئے اور انھوں نے مہمانانِ خصوصی اور ائمہ حضرات کو تذکیر القرآن (اردو) کا ایک ایک نسخہ بطور ہدیہ دیا۔ اِس کے ساتھ انھوں نے شرکاء کو مطالعے کے لیے اردو اور ہندی میں چھپا ہوا اسلامی لٹریچر دیا۔ مثلاً — مقصد حیات، اور ستیہ کی کھوج، وغیرہ۔ حاضرین نے اس کو شوق سے لیا۔

9 - ایک خط: میں بہت دن سے سوچ رہا تھا کہ الرسالہ مشن سے متعلق اپنے تاثرات آپ کو تحریر کروں۔ میں الرسالہ کا سال 1991 سے قاری ہوں۔ آپ کی کتابوں کا خاصہ ذخیرہ میرے پاس موجود ہے۔ ابھی حال ہی میں میں نے ایک مسجد سیٹ اور دوسرا مدرسہ سیٹ منگوا کر لوگوں کو پڑھنے کے لیے دیا ہے۔ الرسالہ کے ایک ایک سال کی فائل مجلدکروا کر دار العلوم کو بھیج دیتا ہوں۔الرسالہ پوری عالم انسانیت کا رہبر ہے۔ اِس کا ہر مضمون بلکہ ایک ایک حرف علم اور معرفت سے بھرا ہوتا ہے۔ وہ ہر پڑھنے والے کے مائنڈ کو ایڈریس کرتا ہے، عالم، عابد، ادیب، شاعر، تاریخ داں، سائنس داں اور وہ دانش ور جو سنجیدہ ذہن رکھتے ہوں، اُن سب کے لیے اِس کا ہر مضمون عبرت و نصیحت لئے ہوئے قرآن اور حدیث کے دلائل پر مبنی ہوتا ہے۔ اِس میں حالات حاضرہ کو خاص طور سے بتایا جاتا ہے۔ موجودہ دور کے طالب علم اور دانش ور سائنسی باتوں سے متاثر ہیں۔ وہ قرآن اور حدیث کی باتوں کو سائنسی دلائل سے سمجھنا چاہتے ہیں۔ اِن باتوں کو آپ الرسالہ اور دیگر تصنیفات میں بخوبی طور پر استدلال کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔

الرسالہ ماہ ستمبر 2008 کا ایک مضمون (قیامت کے دروازے پر) کئی بار پڑھا۔ آپ نے بہت بہترین اور استدلالی شکل میں دنیا کے حالات اور زندگی کے خطرات کا تذکرہ کیا ہے۔ یہ ہر انسان کے غور وفکر کرنے کی چیز ہے۔اس میں Global Warming، Life Support System اور Moral Support System کا تذکرہ کرتے ہوئے بیش قیمت باتیں انسانی بقا کے لئے بتائی گئی ہیں۔ یہ پوری عالم انسانیت کے لئے ایک Warning ہے۔ ( ابرار حسین قریشی، دھار، مدھیہ پردیش)

10 - شانتی سندیش کیندر (سورت، گجرات) سے صدر اسلامی مرکز کی اردو کتابوں کے گجراتی زبان میں ترجمے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ اِس کے تحت گجراتی زبان میں صدر اسلامی مرکز کے کئی کتابچے شائع ہوچکے ہیں۔ مثلاً ’’انسان اپنے آپ کو پہچان‘ ‘گجراتی زبان میں ’’جاگ مانو جاگ‘‘ کے نام سے شائع ہوگئی ہے۔ اپریل 2009 سے ماہ نامہ الرسالہ کا گجراتی ایڈیشن ’’شانتی سندیش‘‘ کے نام سے جاری ہوگیا ہے۔ پتہ حسب ذیل ہے:

Shanti Sandesh Kendra
Maharaja Chambers, Near Maharaja Cinema
Salawatpur, Surat, Gujrat
Tel. 09228195972, 0261-2366080

11 - دعوتی مقصد کے لیے ہندی زبان میں ایک نیا پمفلٹ تیار کیا گیا ہے۔ یہ پمفلٹ پاکٹ سائز میں ہے۔ اس کا نام یہ ہے— ستیہ کی کھوج (सत्य की खोज) اس کے علاوہ، اردو زبان میں تین نئے دعوتی بروشر تیار کیے گئے ہیں۔ اُن کے نام یہ ہیں — بااصول زندگی، اپنی تعمیر آپ، مسلمان کی اصل حیثیت۔

12 - صدر اسلامی مرکز کا انگریزی ترجمہ قرآن چھپ کر شائع ہوگیا ہے۔ اس کی رعایتی قیمت صرف 15 روپئے ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے گڈ ورڈ بُکس سے رابطہ قائم کریں:

Goodword Books
1, Nizamuddin West Market
New Delhi-110 013

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom