تعلیم ، تحریک

علی گڑھ کالج (موجودہ مسلم یونیورسٹی) کے ابتدائی زمانے  کا واقعہ ہے۔ ایک مسلمان نے اپنے لڑکے کو تعلیم کے لیے علی گڑھ بھیجا۔ روانگی سے قبل انھوں نے اپنے صاحبزادے کو جو ضروری ہدایات دیں ، ان میں سے ایک ہدایت یہ تھی "کہ دیکھو ، رائڈنگ کلب کے گھوڑے پر وضو کے بغیر سوار نہ ہونا"۔

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ابتدائی زمانے  میں علی گڑھ کے بارے  میں مسلمانوں کے جذبات کیا تھے۔ وہ لڑکوں کو گھوڑے پر چڑھاتے ہوئے " بسم اللہ" اور "وضوء "کی تاکید کرتے تھے ۔ اس کے باوجود کیا وجہ ہے کہ علی گڑھ میں وہ مسلم نسل تیار نہ ہو سکی جو دور جدید کی شہ سوار بن سکتی اور جدید چیلنج کا مقابلہ کر کے اسلام کو دوبارہ اس بلند مقام پر بٹھاتی جو دین فطرت ہونے کی حیثیت سے اس کے لیے ابدی طور پر مقدر کر دیا گیا ہے۔

 اس کی وجہ یہ ہے کہ اس قسم کے انسان تحریک سے پیدا ہوتے ہیں نہ کہ تعلیم سے۔ تعلیم گاہ میں صرف زبان اور علوم سکھائے جاتے ہیں۔ وہاں پروفیشنل سرٹیفکیٹ دیے جاتے ہیں۔ اور ایک تعلیم گاہ کے ذریعہ صرف اتنا ہی ہو سکتا ہے۔ تعلیم گاہ آدمی کو واقف کار بنا سکتی ہے ۔ وہ آدمی کو اس قابل بنا دیتی ہے کہ وہ لکھنے اور پڑھنے لگے ۔ مگر فکری انقلاب اور مقصدی حرکت اس سے الگ ایک چیزہے، اور وہ کسی تعلیم گاہ کے ذریعہ کبھی پیدا نہیں کی جا سکتی۔

 خود علی  گڑھ میں اس کی ایک عملی مثال موجود ہے۔ طلبہ کے سرپرستوں کی مذکورہ تمناؤں یا یونیورسٹی میں تھیالوجی کے شعبہ سے وہاں کے طلبہ میں کبھی دینداری نہ آسکی ۔ مگر موجودہ زمانے  میں جب تبلیغی جماعت نے وہاں دعوتی اور تحر یکی انداز میں محنت کی تو بہت سے طلبہ میں دینداری پیدا ہو گئی۔

ضرورت ہے کہ مسلم یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ تحریک کا اضافہ کیا جائے ۔ تحریک سے میری مراد طلبہ کی یونین نہیں ہے۔ وہ تو میرے نزدیک صرف بگاڑ پیدا کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ میری مراد ایک ایسی تحریک سے ہے جو مکمل طور پر غیر سیاسی انداز کی ہو اور وقت کے فکری معیار پر اسلامی دعوت کا کام کرے۔ یہی تحریکی عمل اس بات کا ضامن ہوگا کہ علی گڑھ میں صرف ڈگری ہولڈر پیدا نہ ہوں بلکہ وہاں سے وہ انقلابی انسان تیار ہو کر نکلیں جو اسلام کی نئی تاریخ بنا سکیں ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom