آدھا آدمی

ایک صاحب سے بات کرتے ہوئے میں نے کہا  –––––  موجودہ زمانے  میں جس آدمی کا بھی میں نے تجربہ کیا ، اس کو میں نے آدھا آدمی پایا، کوئی پورا آدمی مجھ کو نہیں ملا ۔ ہر آدمی مسٹر ففٹی پر سنٹ تھا، کوئی آدمی بھی مسٹر ہنڈرڈ پرسنٹ نہ تھا ۔

ہر آدمی اُس سچائی کو جاننے کا ماہر تھا جس کی زد دوسرے کے اوپر پڑ رہی ہو ۔ جس سچائی کی زد خود اپنے آپ پر پڑے ، اس کو جاننے کے لیے کوئی ماہر نہیں۔ ہر آدمی صرف اس وقت تک خوش اخلاق تھا جب تک اس کی پسند کے مطابق باتیں کی جائیں ، پسند کے خلاف باتیں کرنے کے بعد کوئی آدمی بھی خوش اخلاق نہیں ۔ اپنے انٹرسٹ کو سمجھنے کے معاملے  میں ہر آدمی ہوشیار تھا۔ مگر دوسروں کے انٹرسٹ کو سمجھنے کے معاملے  میں ہر آدمی بیوقوف ۔

 آج کی دنیا میں ہر آدمی اصول کی باتیں کرتا ہے ، مگر عملی اعتبار سے ہر آدمی بے اصول بنا ہوا ہے۔ دوسروں کے سامنے ہر آدمی عزیمت کی تقریر کر رہا ہے ، مگر خود ہر آدمی رخصت کو اپنا مذہب بنائے ہوئے ہے ۔ باتوں کے میدان میں ہر آدمی آگے ہے ، اور عمل کے میدان میں ہر آدمی پیچھے ۔

 ہر آدمی ظالم ہے ، مگر ہر آدمی اپنے کو مظلوم بتا رہا ہے ۔ ہر آدمی مفاد کے لیے دوڑ رہا ہے۔ مگر ہر آدمی حق کا تاج اپنے سر پر رکھے ہوئے ہے۔ ہر آدمی جھوٹ پر کھڑا ہوا ہے ، مگر ہر آدمی سچ کا لبادہ پہن کر لوگوں کے سامنے آتا ہے ۔ ہر آدمی غیر سنجیدہ ہے ، مگر ہر آدمی سنجیدگی کا مکھوٹا اپنے چہرہ کے اوپر ڈالے ہوئے ہے ۔ ہر آدمی اپنی ذات کے لیے سرگرم ہے ، مگر ہر آدمی اعلان کر رہا ہے کہ وہ صرف دین اور ملت کی خدمت کے لیے اٹھا ہے۔

 ہر آدمی اندھیرا بکھیر رہا ہے ، مگر ہر آدمی اُجالے کی باتیں کرتا ہے۔ ہر آدمی خزاں کا نمائندہ ہے ، مگر ہر آدمی اپنے آپ کو بہار کا نقیب بتا رہا ہے۔ ہر آدمی تخریب کاری کی اسکیم چلا رہا ہے ، مگر ہر آدمی تعمیر کا جھنڈا بلند کیے ہوئے ہے۔ ہر آدمی لوگوں کو موت کے غار میں دھکیل رہا ہے ، مگر ہر آدمی اپنے آپ کو زندگی کاشہسوار بنائے ہوئے ہے ۔

اگر لوگ وہی کہیں جو انھیں کرنا ہے ، اور وہی کریں جو انھوں نے کہا ہے تو کم از کم وہ صاف گوئی کا کریڈٹ پالیں ۔ مگر موجودہ صورت میں تو لوگوں کو کسی بھی قسم کا کوئی کریڈٹ ملنے والا نہیں ۔

 آہ وہ دنیا جہاں ہر آدمی آدھا ہو، مگر ہر آدمی اپنے آپ کو پورا بتا رہا ہو۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom