غور کرو

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے توحید کی دعوت لوگوں کے سامنے پیش کی تو ان کی ایک تعداد آپ کی مخالف ہوگی ۔ لوگ آپ پر طرح طرح کے عیب لگانے لگے۔ اس سلسلہ    میں جواب دیتے ہوئے قرآن میں کہا گیا:

 کہو، میں تم لوگوں کو ایک بات کی نصیحت کرتا ہوں ۔ یہ کہ تم خدا کے واسطے کھڑے ہو جاؤ، دو دو اور ایک ایک۔ پھر سوچو کہ تمہارے ساتھی (پیغمبر) کو جنون نہیں ہے ۔ وہ تو بس ایک سخت عذاب سے پہلے تم کو ڈرانے والا ہے۔ کہو کہ میں نے تم سے کچھ معاوضہ مانگا ہو تو وہ تمہارا ہی ہے۔ میرا معاوضہ تو بس الله کے اوپر ہے۔ اور وہ ہر چیز پر گواہ ہے (سبا: ۴۶۔ ۴۷)

مطلب یہ کہ تم جو اس دعوت کا انکار کر رہے ہو اور اس کو غلط ثابت کرنا چاہتے ہو، اس کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے۔ اس کے پیچھے جو چیز ہے وہ صرف ضد اور تعصب ہے ۔ اگر تم لوگ ضد اور تعصب سے خالی ہو کر سوچو، خواہ اکیلے اکیلے انفرادی طور پر سوچو ، یاکئی آدمی مل کر اجتماعی طور پر غور کرو تو تمہاری غلطی خود تمہارے اوپر واضح ہو جائے گی۔ اگر تم نے واقعی طور پر کھلے ذہن سے سمجھنے کی کوشش کی تو تم پاؤ گے کہ جس شخص کو تم دیوانہ بتار ہے ہو، وہ دیوانہ نہیں، وہ خدا کا سچا داعی ہے ۔

 تم دیکھو گے کہ داعی ٔحق کی سابقہ زندگی اس کی سنجیدگی کی گواہی دے رہی ہے۔ اس کا دردمندانہ اندازتم کو بتائے گا وہ جوکچھ کہہ رہا ہے وہی اس کے دل کی آواز ہے ۔ اس کے کلام کا حکیمانہ اسلوب تم کو اس کی صحت کی گواہی دیتا ہوا نظر آئے گا۔ اس کا تم سے کسی معاوضہ کا طالب نہ ہونا ظاہر کرے گا کہ اس نے اس کام کو صرف اللہ کی خاطر شروع کیا ہے نہ کہ کسی ذاتی مفاد کی خاطر۔

 اگر تم غیر جانب دارانہ انداز میں غور کرو تو تم جان لو گے کہ اللہ کے داعی کی بے قراری جنون کی بے قراری نہیں ہے، بلکہ اس کا سبب یہ ہے کہ وہ جس خطرہ سے ڈرانے کے لیے اٹھا ہے، اس کو وہ خود اپنی آنکھوں سے آتا ہوا دیکھ رہا ہے ۔

 جو لوگ سنجیدہ ہوں ، ان کے لیے یہ حقیقتیں آنکھ کھولنے والی ثابت ہوں گی۔ وہ داعی کو پہچان کر اس کے ساتھی بن جائیں گے۔ مگر جو لوگ حق کی دعوت اور اس کے داعی کے بارے میں سنجیدہ نہ ہوں، وہ ان حقائق کو دیکھ نہیں سکتے ، خواہ وہ کتنے ہی زیادہ واضح اور کھلے ہوئے کیوں نہ ہو ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom