امامت کا مسئلہ

ایک صاحب اپنی بستی کی مسجد کے امام کے خلاف زبر دست مہم چلائے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امام بدعتی ہے، اس لیے اس کے پیچھے نماز جائز نہیں۔ وہ صاحب اپنی تمام کوشش کے باوجود امام کو مسجد سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ اس کے بجائے جو ہواوہ صرف یہ تھا کہ بستی کے مسلمان دو گروہوں میں بٹ گئے۔ بستی میں مسجد کی رحمتیں اور برکتیں تو نہیں پھیلیں ، البتہ پوری بستی نفرت اور اختلاف اور تشدد کااکھاڑا بن گئی ۔ ایک مثبت عمل منفی نتیجہ پیدا کرنے کا سبب بن گیا۔

 ان صاحب سے میری ملاقات ہوئی تو میں نے کہا کہ آپ یہ مسئلہ کیوں کھڑا کیے ہوئے ہیں کہ امام کے پیچھے نماز جائز نہیں۔ جب کہ حدیث میں آیا ہے کہ : صَلُّوا ‌خَلْفَ ‌كُلِّ ‌بَرٍّ ‌وَفَاجِرٍ( السنن الكبرى – البيهقي،حدیث نمبر۶۸۳۲ )ہر نیک اور بد کے پیچھے نماز پڑھو۔ میں نے کہا کہ امامت تنظیم کے لیے ہوتی ہے ۔ ورنہ نماز کا تعلق آدمی کی اپنی نیت سے ہے ۔ جیسی آپ کی نیت ہوگی ویسی آپ کی نماز ہو گی۔ آپ کو چاہیے کہ اپنے اخلاص کو ٹٹولیں نہ کہ امام کی برائیوں کو ۔

 انھوں نے کہا کہ آپ عالم ہو کر غلط مسئلہ بتا رہے ہیں۔ جو حدیث آپ نے بتائی کہ اس میں فاجر کے پیچھے نماز پڑھنے کی اجازت ہے ، مگر بدعتی کا معاملہ اس سے الگ ہے۔ کیونکہ بدعتی کے پیچھے نماز پڑھنے سے منع کیاگیا ہے۔ چنانچہ دوسری حدیث میں ہے کہ لا تصلّوا خلف محدث (بدعتی شخص کے پیچھےنماز نہ پڑھو)

 میں نے کہا کہ کسی حدیث کو سمجھنے کے لیے صرف اس کے الفاظ جاننا کافی نہیں۔ اسی کے ساتھ تفقہ بھی انتہائی طور پر ضروری ہے۔ یہ صحیح ہے کہ دوسری روایت میں محدث (بدعتی) کے پیچھے نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے۔ مگریہ اس وقت کی بات ہے جب کہ انتخاب (choice) محدث اور متبع ِسنت کے درمیان ہو ۔مگر آپ کے حالات بتاتے ہیں کہ آپ کے لیے محدث اور متبع سنت کے درمیان انتخاب کا موقع نہ تھا، بلکہ آپ کو محدث امام اور مسلمانوں کے باہمی جدال و قتال کے درمیان انتخاب کرنا تھا۔ اور جب حالات کی نوعیت، یہ ہو تو محدث امام کو برداشت کیا جائے گا تا کہ مسلمانوں کو باہمی اختلاف کے شدید تر فتنہ سے بچایا جا سکے۔

اسلام ایک نتیجہ رخی (result oriented) مذہب ہے ۔ اسلام میں آخری حد تک نتیجہ کا لحاظ کیا جاتا ہے۔ اسلام میں صرف وہی اقدام جائز ہے جو بہتر نتیجہ تک پہنچانے والا ہو۔ بہتر نتیجہ پیدا کرنے والا اقدام جتنا ضروری ہے ، اتنا ہی ضروری یہ ہے کہ برانتیجہ پیدا کرنے والے اقدام سے اپنے آپ کو باز رکھا جائے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom