ہماری زندگی کا ایک دردناک پہلو

سابق وزیر اعظم ملیشیا تنکو عبد الرحمن (1903-1990) نے بتایا کہ ملیشیا میں جو غیر مسلم آباد ہیں ، وہ اسلام کے بارے میں جاننے کے بہت شائق ہیں، مگر مسلمانوں کو اس سے کوئی دل چسپی نہیں کہ ان کو اسلام کا پیغام پہنچائیں۔ البتہ الیکشن کے موقع پر غلط قسم کی سیاست بازی کے ذریعہ وہ غیر مسلموں کو اسلام سے کچھ متوحش کر دیتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی جماعت ’’پر کم‘‘کی کوششوں سے ملیشیا میں تقریباً 30 ہزار اور صباح میں ایک لاکھ آدمی اسلام قبول کر چکے ہیں ۔ سراوک میں ہر دن لوگ اسلام میں داخل ہو رہے ہیں۔ مگر مسلمان ان کو اپنے معاشرہ میں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ حتیٰ کہ بعض لوگ ان نو مسلموں سے مصافحہ تک نہیں کرتے۔ کیونکہ ان کے خیال کے مطابق ’’ان کے ہاتھ سور کی چربی سے گندے ہو چکے ہیں‘‘۔

تنکو عبد الرحمن لکھتے ہیں :

Today I am fighting a lone battle to get these Muslim converts accepted into the Malay community.

ان نو مسلموں کو ملایا کے مسلم معاشرہ میں شامل کرنے کے لیے میں ایک تنہا جنگ لڑ رہا ہوں۔ (اسلامک ہر الڈ، کوالالمپور، دسمبر 1975)

تنكو عبدالرحمن اپنی سیاسی زندگی کے زمانہ میں ملیشیا کی مقبول ترین شخصیت تھے۔ مگر جب انھوں نے سیاست کی ہنگامی زندگی کو چھوڑ کر تعمیری کام کرنا چاہا تو اب وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ تنہا ہیں۔ ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں ۔

یہی موجودہ زمانہ میں ساری دنیا کے مسلمانوں کا حال ہے ۔ وہ کسی قائد کا ساتھ صرف اس وقت دیتے ہیں جب کہ وہ ان کو جذباتی سیاست کی شراب پلا رہا ہو۔ خاموش کام کرنے والوں کا ساتھ دینے کا ان کے اندر حوصلہ نہیں ۔ اس مشکل کا واحد حل یہ ہے کہ ہمارے درمیان کچھ قائد ایسے نکلیں، جو عزت و شہرت کی قربانی پر اپنے آپ کو خاموش تعمیری کاموں میں لگا دیں ۔ جب قائدین کی ایک نسل اس طرح اپنے آپ کو گم نامی کےقبرستان میں دفن کر چکی ہوگی ، اس کے بعد ہی ممکن ہے کہ ملت کو حقیقی معنوں میں دنیا کے اندر عزت وسربلندی کا مقام حاصل ہو۔ اگر ہمارےقائدین شہرت و عزت کی فضاؤں میں پرواز کر رہے ہوں اور عوام کو تعمیری کام کا وعظ سنائیں، تو یہ کام کبھی انجام نہیں پا سکتا ۔

بد قسمتی یہ ہے کہ تنکو عبد الرحمن جیسے تعمیری کام کا ذوق رکھنے والے ہمارے یہاں صرف استثنا کا درجہ رکھتے ہیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion