قرآن کا توسیعی مفہوم

قرآن ایک آفاقی کتاب ہے۔ قرآن کا پیغام ایک ابدی پیغام ہے۔ قرآن کی آیتوں کا ایک ابتدائی مفہوم ہوتا ہے اور دوسرا، اس کا توسیعی مفہوم (extended meaning)۔ قرآن کو گہرائی کے ساتھ سمجھنے کے لیے اِس حقیقت کو جاننا بہت ضروری ہے۔

قرآن کی سورہ نمبر 17 میں نمازِ فجر کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد ہوا ہے: وقرآنَ الفجر،إنّ قرآن الفجر کان مشہوداً (الإسراء: 78) یعنی نمازِ فجر میں قرآن کی طویل قرأت کرو۔ کیوں کہ فجر کی قرأت حضوری کی قرأت، ہوتی ہے۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ فجر کا وقت سکون اور یک سوئی کا وقت ہوتا ہے۔ اِس لیے اُس وقت کی قرأت خصوصی کیفیات کی حامل بن جاتی ہے۔

اِس آیت کا ایک توسیعی مفہوم یہ ہوسکتا ہے کہ آدمی صبح کی نماز اول وقت ادا کرے، اور پھر واک (walk) کرنے کے لیے وہ کسی پارک میں جائے، یا ایسے مقام پر جائے جہاں نیچر کی ہریالی ہو۔ ایسے مقام پر صبح کے وقت ایک قسم کا ملکوتی ماحول ہوتا ہے۔ اِس ماحول میں آدمی، خدا کی نشانیوں پر غور کرے۔ وہ قرآن کی آیتوں کو پڑھے۔ وہ تخلیق میں خالق کی معرفت حاصل کرے۔

اِس کی ایک صورت یہ ہے کہ نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد کچھ لوگ اجتماعی طورپر ایسے مقامات پر جائیں۔ وہاں فطرت کے ماحول میں وہ ذکر کا حلقہ قائم کریں۔ وہ خدا کی باتوں کا چرچا کریں۔ وہ درسِ قرآن، یا درسِ حدیث کی صورت میں نصیحت حاصل کریں۔ وہ فطرت کے مناظر میں خدا کے کمالات کا ذکر کریں۔ وہ روحانیت کی فضا میں اپنے لیے دینی غذا حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ یہ گویا کہ تذکیر ِ فجر ہے، جو قرآنِ فجر کی ایک توسیعی صورت ہے۔ اِس قسم کا عمل بلاشبہہ اضافۂ ایمان کا باعث ہے، خواہ وہ انفرادی طورپر ہو یا اجتماعی طورپر۔

یہی قرآن کی ہر آیت کا معاملہ ہے۔ قرآن کی کسی آیت کا ایک مفہوم وہ ہے جو اس کے شانِ نزول، یا سببِ نزول کے ذریعے معلوم ہوتا ہے۔ یہ آیت کا ابتدائی مفہوم ہے۔ اِسی کے ساتھ قرآن کی ہر آیت کاایک توسیعی مفہوم ہے۔ اِس توسیعی مفہوم کے اعتبار سے ہر دور میں قرآن کے نئے معانی لوگوں پر کھلتے چلے جائیں گے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom