مہارت کا زمانہ

آل انڈیا ریڈیو پر ایک سینئر پروفیسر کی تقریر تھی۔ اپنی تقریر میں وہ بتارہے تھے کہ قدیم زمانے میں صرف چند جاب (job) ہوا کرتے تھے)۔ موجودہ زمانہ جاب ایکسپلوژن(job explosion) کا زمانہ ہے۔ موجودہ زمانے میں ہر طرف جاب کی کثرت ہے، لیکن یہ جاب صرف اُن لوگوں کے لیے ہے جو کسی فن میں مہارت رکھتے ہوں، غیر ماہرین کے لیے موجودہ دنیا میں کوئی بڑا جاب نہیں۔ یہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا:

Our world is a world of skilled manpower.

اصل یہ ہے کہ جدید سائنسی دور سے پہلے چیزوں کی معیار بندی (standardization) نہیں ہوئی تھی، اِس لیے ہر قسم کے لوگوں کو آسانی سے روزگار مل جاتا تھا۔ لیکن موجودہ زمانے میں ہر شعبے میں معیار بندی کا عمل ہوا ہے۔ اب اُسی چیز کی قیمت ہے جو تسلیم شدہ معیار کے مطابق ہو، جو چیز تسلیم شدہ معیار کے مطابق نہ ہو، آج کی دنیا میں اس کی کوئی قیمت نہیں۔

معیار بندی کا یہ معاملہ ہر چیز میں ہوا ہے۔ قلم سے لے کر موٹر کار تک، ٹیچنگ سے لے کر مینج مینٹ تک، ایک بلڈنگ کی تعمیر سے لے کر سٹی پلاننگ تک، ہر چیز کا ایک تسلیم شدہ معیار بن گیا ہے۔ ہر چیز کو اِسی معیار پر جانچا جاتا ہے۔ ایسی حالت میں یہ ایک فطری بات ہے کہ اُسی آدمی کو روزگار ملے جو اِس معیاری کارکردگی پر پورا اترتا ہو۔

ایسی دنیا میں جو آدمی اپنے لیے روزگار حاصل کرنا چاہے، اُس کو جاننا چاہیے کہ یہاں معیاری کارکردگی کا ثبوت دے کر اس کو روزگار ملے گا، نہ کہ شکایت اور احتجاج میں غیر ضروری طورپر مشغول ہونے سے۔مہارت کی اہمیت پہلے بھی تھی اور آج بھی ہے، لیکن فرق یہ ہے کہ موجودہ زمانے میں مقابلہ (competition) بہت زیاہ بڑھ گیا ہے۔ اِس بنا پر موجودہ زمانے میں مہارت کی اہمیت ہمیشہ سے زیادہ ہوگئی ہے— کسی فن میں مہارت پیدا کرلیجیے، اور آپ خود دنیا کی ایک ضرورت بن جائیں گے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom