قدرت کا پیغام

جون ۱۹۸۹ء میں ایک ہفتہ کے لیے میں کشمیر گیا ہوا تھا۔ ایک روز کا واقعہ ہے ۔ میں کچھ کشمیری بھائیوں کے ساتھ سرینگر کے باہر ایک ایسے مقام پر گیا جو بالکل کھلا ہوا تھا۔ سرسبز وادی اور برف پوش پہاڑوں کے درمیان ہمارے چاروں طرف پانی کے صاف شفاف چشمے بہتے ہوئے نظر آتے تھے۔ ان کے بہنے کی آواز قدرت کی دھیمی سرگوشی کی مانند ہمارے کانوں تک پہنچ رہی تھی۔

 میں ایک چشمہ کے کنارے کھڑا ہو گیا۔ یہ تقریباً  ۲ فٹ کی چوڑائی میں بہہ رہا تھا۔ میں نے دیکھا کہ عین چشمہ کے بیچ میں ایک بڑا سا گول پتھر ابھرا ہوا ہے۔ صاف ستھرا پانی بہتا ہوا جب اس پتھر تک پہنچتا ہے تو وہ ایسا نہیں کرتا کہ وہ پتھر کو توڑ کر اپنے لیے سیدھا راستہ بنانے کی کوشش کرے ۔ اس کے بجائے پانی ایسا کرتا ہے کہ وہ پتھر کے دائیں اور بائیں طرف سے مڑ کر نکل جاتا ہے۔ وہ پتھر سے ٹکراؤ کو اجتناب (avoid) کرتے ہوئے اپنا راستہ بنا لیتا ہے۔

میں نے اپنے کشمیری دوستوں سے کہا کہ اس کو دیکھئے ۔ اس قسم کے مناظر پورے جموں اور کشمیر میں ہر طرف پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ آپ کے نام گویا قدرت کا پیغام ہے ، فطرت کا یہ مظہر خاموش زبان میں آپ کو بتا رہا ہے کہ چٹان سے نہ ٹکراؤ ، بلکہ چٹان سے بچتے ہوئے اپنا راستہ نکالو ۔

اس قسم کے چشمے کشمیر کی وادیوں میں سال بھر جاری رہتے ہیں ۔ اس طرح قدرت کا یہ تعمیری پیغام کشمیر میں لاکھوں مقامات پر ہر روز نشر کیا جارہا ہے ۔ مگر آپ لوگ عین اُسی کے درمیان رہتے ہوئے اُس کو نہیں سنتے ، آپ اُس سے کوئی سبق نہیں لیتے۔

 اس دنیا میں کامیابی اُس کے لیے ہے جو اختلاف کے موقع پر اعراض کا طریقہ اختیار کرے ۔ جو راستہ کی چٹانوں سے ٹکرائے بغیر اپنا سفر جاری رکھے ۔ ایسا ہی شخص اس دنیا میں اپنی منزل پر پہنچتا ہے ۔ کشمیر کے لوگوں کو فطرت کی اٹل زبان میں یہ سبق دے کر خدا نے انھیں اس مقام پر کھڑا کیا تھا کہ وہ اس حکمت کو اختیار کر کے اپنی زندگی کی تعمیر کریں اور پھر دنیا کو یہ پیغام دے کر دنیا کے رہبر بنیں۔ مگر کشمیر کے لوگ ، شاعر کے الفاظ میں ، خود بے راہ ہو کر اپنے کو بر باد کر رہے ہیں ، وہ دوسروں کو کیا رہنمائی دیں گے : اوخویشتن گم است کرا رہبری کند۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom