خبر نامہ اسلامی مرکز - ۵۸

۱۔ قاہرہ (مصر) کا ایک مشہور مجلہ ہے جس کا نام روز الیوسف ہے۔ اس کے عرب نمائندہ دکتور محمد عودة ۱۶ اکتوبر ۱۹۸۹ کو اسلامی مرکز میں آئے اور صدر اسلامی مرکز کا انٹرویو لیا۔ ان کے سوالات زیادہ تر ہندستانی مسلمانوں نیز عالمی اسلامی تحریکوں کے بارے   میں تھے۔

۲۔۱۳ اکتوبر ۱۹۸۹ کو صدر اسلامی مرکز کی ایک تقریر آل انڈیا ریڈیو نئی دہلی سے نشر کی گئی۔ اس تقریر کا عنوان تھا : رحمۃ للعالمین۔ یہ تقریر آئندہ ان شاء اللہ الرسالہ میں شائع کر دی جائے گی۔

۳۔ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ" بہار میں ہونے والے فسادات کے پیش نظر مولانا منت اللہ رحمانی کی دعوت پر ۷ استمبر ۱۹۸۹ کو دفتر امارت شرعیہ (پھلواری) میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کا ایک اجتماع ہوا جس میں مسلمانوں کو یہ رہنمائی دی گئی کہ وہ ضبط و تحمل سے کام لیں اور کسی حال میں مشتعل نہ ہوں" (معارف ، اکتوبر ۱۹۸۹) اس طرح کے واقعات ثابت کرتے ہیں کہ الرسالہ کا فکر اب اس حد تک پھیل چکا ہے کہ وہ دوسرے لوگوں کی زبانوں سے ظاہر ہونا شروع ہو گیا ہے۔ یہ الرسالہ مشن کی کھلی ہوئی فتح ہے۔ ورنہ اس سے پہلے تو لوگ اس کے سوا اور کچھ نہیں جانتے تھے کہ فساد کے بعد فرقہ پرستوں اور انتظامیہ کے خلاف بے فائدہ احتجاج و فریاد کرتے رہیں ۔

۴۔دلشاد گارڈن (دہلی) میں مسلم ویلفیر ایسوسی ایشن کی طرف سے سیرۃ النبی کا ایک جلسہ ہوا۔ یہ جلسہ ۱۴ اکتوبر ۱۹۸۹ کو ہوا، اور اس میں مسلمانوں کے ساتھ ہندو بھی شریک ہوئے۔ صدر اسلامی مرکز نے اس موقع پر سیرت رسول کے موضوع پر ایک تقریر کی۔ اس تقریر کا ٹیپ مرکز میں موجود ہے۔

۵۔ستمبر ۱۹۸۹ میں صدر اسلامی مرکز کا بیرون ملکوں کا ایک سفر ہوا ۔ اس کی روداد ان شاءاللہ آئندہ سفرنامہ کے تحت شائع کر دی جائے گی ۔

۶۔الرسالہ کے مضامین ہندستانی پرچوں کے علاوہ بیرونی جرائد میں مسلسل نقل کیے جارہے ہیں۔ مثلاً کراچی کے اخبار مشرق نے اپنے شمارہ ۱۸ اگست ۱۹۸۹ میں الرسالہ کاایک مفصل مضمون (سائنس اور اسلام )شائع کیا ہے ۔ اس کے ساتھ اخبار نے اپنی طرف سے حسبِ ذیل نوٹ شامل کیا ہے : "مولانا وحید الدین خاں صاحب (صدر اسلامی مرکز و مدیر ماہنامہ "الرسالہ"  اردو ، انگریزی) عالمِ اسلام کی مایہ ناز اور نادر روزگار علمی ہستیوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی اردو انگریزی تصانیف دنیا کی تقریبا ً تمام اہم زبانوں میں ترجمہ ہو کر علمی حلقوں سے خراجِ تحسین وصول کر رہی ہیں ۔ وہ عصری اسلوب اور جدید تقاضوں کے مطابق دینِ فطرت کی صداقت و حقانیت واشگاف کرنے میں موثر اور طاقت ور دلیل و برہان سے کام لیتے ہیں۔ انھیں گزشتہ برس حکومت پاکستان کے تحت سیرت کے عالمی مقابلے میں ان کی انگریزی کتاب  (پرافٹ آف ریوولیوشن ) کو پہلا انعام ملا ۔ اسلام کے موضوع پر منعقد ہونے والے عالمی مذاکروں اور سمیناروں میں ان کی شرکت کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے "۔

۷۔اخبار قومی فیصلہ (دہلی) کے لیے اس کے نمائندہ مسٹر محمد اجمل خاں نے صدر اسلامی مرکز کا انٹرویو لیا۔ یہ انٹرویو  ۹  اکتوبر ۱۹۸۹ کو مرکز کے دفتر میں ریکارڈ کیا گیا ۔ سوالات زیادہ تر الرسالہ کے مشن اور مسلمانوں کے موجودہ مسائل سے متعلق تھے۔

۸۔ساہتیہ اکیڈمی (نئی دہلی )کی طرف سے ۳۱ اگست تا ۲ ستمبر ۱۹۸۹ کو مدراس میں ایک سیمنار ہوا۔ اس کا موضوع "رادھا کرشنن اور مذہب" تھا ۔ اس سیمنار میں شرکت کے لیے صدر اسلامی مرکز کو دعوت دی گئی تھی ۔ اگر چہ اپنی مصروفیات کی بنا پر وہ اس میں شریک نہ ہو سکے ۔ تاہم اس طرح کے واقعات کثرت سے پیش آرہے ہیں جو بتاتے ہیں کہ آج کس طرح "مدعو " خود اپنی طرف سے اسٹیج تیار کر کے "داعی" کو بلا رہا ہے کہ آؤ اور اپنی بات کہو ۔ ضرورت ہے کہ آج کثرت سے انگریزی داں علماء ہوں تاکہ ان مواقع ِدعوت سے فائدہ اٹھایا جاسکے ۔

۹۔ایک صاحب پونہ سے لکھتے ہیں : "پونہ میں ایک اسلامی جماعت کا پروگرام ۲۵ اگست ۱۹۸۹ کو ہوا ۔ اس میں ان کے جنرل سکریٹری وغیرہ شریک ہوئے ۔ وہاں جو تقریر ہوئی وہ تمام تر الرسالہ کی پالیسی پر تھی ۔ ایک مقامی پریس کا نفرنس بھی تھی۔ اس میں بھی ایسے ہی ایڈ جسٹمنٹ کی باتیں تھیں" ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ الرسالہ کا مشن کس طرح لوگوں کے فکر و خیال کو مسخر کر رہا ہے ۔

۱۰۔سرینگر کے ہفت روزہ اخبار مسلم کے نمائندہ مسٹر ایم ایم شریف نے ۱۴ اکتوبر ۱۹۸۹ کو صدر اسلامی مرکز کا انٹرویو لیا ۔ یہ انٹرویو مرکز کے دفتر میں ریکارڈ کیا گیا ۔ سوالات کا زیادہ تر تعلق کشمیر کے مسئلہ سے تھا ۔ صدر اسلامی مرکز نے کشمیر کے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ حقیقت پسند بنیں اور ماضی کو بھلا کر حال کی روشنی میں اپنی زندگی کی تعمیر کریں ۔

۱۱۔۵  اکتوبر ۱۹۸۹ کو انبیٹھہ (سہارن پور) میں ایک سیرت کانفرنس ہوئی ۔ صدر اسلامی مرکز کو اس موقع پر خطاب کی دعوت دی گئی تھی۔ چنانچہ انھوں نے شرکت کی اور سیرت کے موضوع پر تقریباًیک گھنٹہ تقریر کی۔ تقریر کا موضوع تھا ––––––– موجودہ حالت میں سیرت رسول کی رہنمائی ۔

۱۲۔انجمن رفاہ ملت (وانم باڑی) کی طرف سے ایک خط میں بتایا گیا ہے کہ ملت کی اصلاح کے لیے انجمن کی طرف  سے شائع ہونے والے کیلنڈر میں ہر سال کچھ مضامین شائع کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ سال الرسالہ کے حوالہ سے اس کے مضامین "لڑائی کے بغیر بھی جیت ہوتی ہے"۔ اور "اپنے آپ سے لڑنا ۔۔۔۔۔" اور" ہاتھی کی خاموشی ۔۔۔۔ " وغیرہ شائع کیا گیا۔ اس سال آپ کی کتاب باغ ِجنت اور نار ِجہنم سے کچھ مواد لے کر کیلنڈر میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے" ۔

۱۳۔"نقشِ کو کن " بمبئی کا ایک قدیم ماہنامہ ہے۔ وہ بیک وقت دو زبانوں (ار دو ،انگریزی) میں نکلتا ہے۔ نقش کو کن ہر مہینہ بالالتزام الرسالہ کا کم از کم ایک اردو مضمون اور ایک انگریزی مضمون اپنے صفحات میں اہتمام کے ساتھ شائع کرتا ہے ۔ اسی طرح اور بہت سے جرائد الرسالہ کے مضامین متفرق طور پر نقل کرتے ہیں ۔

۱۴۔" سنت نرنکاری "دہلی کا ایک ماہنامہ ہے ۔ وہ سنت نرنکاری عالمی مشن کی طرف سےبیک وقت سات زبانوں میں شائع ہوتا ہے ۔ سنت نرنکاری میں تقریباًً  ہر مہینہ الرسالہ کا کوئی نہ کوئی مضمون نقل کیا جاتا ہے۔ اس طرح الرسالہ کا پیغام وسیع تر حلقہ میں مسلسل پہونچ رہا ہے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom