غلط رہنمائی

حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل نے جب مکہ میں بیت اللہ کی تعمیر کی ، اس وقت حضرت ابراہیم نے یہ دعا فرمائی کہ اے ہمارے رب، تو ہم دونوں کو مسلم  (مطیع ) بنا ۔ اور ہماری نسل سے ایک مسلم امت ( مطیع امت)  بر پا کر (البقرہ  ۱۲۹) اس واقعے کے ڈھائی ہزار سال بعد جب یہ امت ، امت محمدی کی صورت میں اٹھی تو پچھلی تاریخ کو یاد دلاتے ہوئے ان سے کہا گیا کہ اللہ نے تمہارے باپ ابراہیم کی ملت کو تمہارے لیے پسند فرمایا ہے ۔ ابراہیم نے تمہارا نام مسلم ( مطیع) رکھا تھا اس سے پہلے (الحج  ۷۸)

 یہ قرآن کا طریقہ ہے ۔ قرآن نے دور اول کے مسلمانوں کو عمل پر ابھارنے کے لیے ماضی کا حوالہ دیا۔ ان کو ان کے آباء و اجداد کی یاد دلائی۔ مگر قرآن نے یہ زبان استعمال نہیں کی کہ –––––  اے مومنو ، تم اسی ابراہیم کی اولاد ہو جس نے بتوں کو توڑ کر پاش پاش کر دیا۔ جس کے ایک کلمہ سے بھڑکتی ہوئی آگ ٹھنڈی ہوگئی۔ جو اپنے وقت کے نمرودوں کو خاطر میں نہیں لایا ۔ اس کے برعکس قرآن نے اہل ایمان کو حضرت ابراہیم کے اس پہلو کی یاد دلائی کہ انھوں نے تمہارا نام مسلم و مطیع  رکھا تھا۔ وہ تم کواطاعت گزار اور فرماں بردار دیکھنا چاہتے تھے۔

اب موجودہ زمانے کے مسلم رہنماؤں کو دیکھئے۔ یہ مسلم رہنا بھی مسلمانوں کو ان کی گزشتہ تاریخ یاددلا کر ان کے اندر عمل کا جذبہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ مگر ان کا طریقہ قرآن کے سراسر خلاف ہے۔ ان میں سے کوئی شخص جب بولتا یا لکھتا ہے تو اس کی زبان یہ ہوتی ہے  ––––– مسلمانو، تم وہی تو ہو جن کے اجداد نے قیصر و کسریٰ کو اپنے پیروں تلے روند ڈالا تھا۔ تم وہی تو ہو جن کی تلواروں کے آگے قو میں جھکنے پر مجبور ہوگئی تھیں۔ تم وہی تو ہو جنہوں نے شعلہ بن کر باطل کی خاشاک کو پھونک ڈالا تھا۔ تم وہی  توہو جنہوں نے محتسبِ کائنات بن کر سارے عالم پر حکمرانی کی تھی ۔

اللہ تعالیٰ نے تاریخ کا حوالہ اس لیے دیا تھا کہ اس کے ذریعے سے مسلمانوں کے اندر تواضع اور اطاعت گذاری کا جذبہ پیدا ہو۔ اس کے برعکس موجودہ زمانےکے مسلم رہنما تاریخ کا حوالہ اس لیے دےرہے ہیں کہ مسلمانوں کے اندر فخر اور حکمرانی کا جذبہ بیدار کریں ۔

موجودہ زمانے  کے مسلمانوں کی بربادی کی سب سے بڑی وجہ بلا شبہ ان کی یہی غلط رہنمائی ہے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom