دھاندلی

عراق ایک بڑا ملک ہے اور کویت اس کے مقابلہ میں بہت چھوٹا ملک۔ عراق کا رقبہ  ۱۶۸۸۷۸  مربع میل ہے ۔ جب کہ کویت کا ر قبہ صرف ۶۸۸۰ مربع میل ۔ عراق نے اپنی تیل کی دولت کے بڑے حصہ کو فوجی مدوں میں خرچ کر کے  ۱۰ لاکھ کی طاقت ور فوج بنائی ہے ، دوسری طرف کویت کے پاس عملاً کوئی فوج نہیں۔ اس فرق سے فائدہ اٹھا کر عراق کے حکمران صدام حسین نے اپنی ایک لاکھ فوج ۲ اگست ۱۹۹۰  کو کویت کے اندر داخل کر دی۔ انھوں نے بزور کویت کو عراق میں ملاکر اعلان کر دیا کہ "کویت عراق کا ۱۹  واں صوبہ ہے"۔

اس کے بعد اقوام متحدہ متحرک ہوئی ۔ مختلف ملکوں نے عراق کے اس جارحانہ اقدام کی مذمت کی۔ یہاں تک کہ امریکہ کی قیادت میں پورے عراق کا فوجی محاصرہ کر لیا گیا ۔ عراق کی ۹۵ فی صد آمدنی کا انحصار تیل کی فروخت پر ہے۔ مگر عراقی تیل سے بھرے ہوئے ٹینکر سمندر میں کھڑے ہو گئے، زرعی اور صنعتی پسماندگی کی وجہ سے عراق فوجی ہتھیاروں سے لے کر دوا اور غذا تک ہر چیز با ہر سے منگا تا ہے، ان کا آنا بھی بند ہو گیا۔ اب عراق کے حکمران صدام حسین روزانہ امریکہ کے خلاف تیز وتند بیانات جاری کر رہے ہیں۔ ٹائمس آف انڈیا (۳۱  اگست ۱۹۹۰) کے مطابق، صدام حسین نے اس تجویز کو نامنظور کر دیا کہ وہ کویت کی حیثیت کے بارے   میں امریکہ سے بات چیت کریں۔ انھوں نے پُر جوش طور پر کہا کہ کیا کویت امریکہ کا ۵۲ واں صوبہ ہے :

Is Kuwait the 52nd state of the United States?

جواب کی یہی قسم ہے جس کو دھاندلی کہا جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ کویت اگر امریکہ کا ۵۲ واں صوبہ نہیں تو وہ عراق کا بھی ۱۹  واں صوبہ نہیں۔ صدام حسین عین اسی چیز کے لیے امریکہ کو متہم کر رہے ہیں جس میں وہ خود شدید تر انداز میں مبتلا ہیں۔

آج دنیا کے بیشتر لوگ اسی قسم کی دھاندلی میں مبتلا ہیں۔ کاش لوگ جانتے کہ اسی بات کی قیمت ہے جو خدا کے یہاں قیمتی ٹھہرے۔ مومن وہ ہے جو اُن الفاظ کو آج ہی بے قیمت سمجھ لے جو کل خدا کے یہاں  بے قیمت ہونے والے ہیں۔ جو آج آزادانہ طور پر اُس بات کو مان لے جس کو کل وہ مجبور انہ طور پرمانے گا، مگر اس وقت کا ماننا کسی کے کچھ کام نہ آئے گا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom