احتساب غیر

ڈاکٹر ذاکر حسین (۱۹۶۹ - ۱۸۹۷) نے ایک بار بتایا کہ جب وہ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں وائس چانسلر بن کر آئے تو یونیورسٹی کے کچھ لوگ ان سے ملے اور کہا کہ یو نیورسٹی میں کئی اسٹاف ممبر رجعت پسند اور فرقہ پرست ہیں۔ ان کی وجہ سے یونیورسٹی بد نام اور تباہ ہو رہی ہے ۔ اگر ان سب لوگوں کو نکال دیا جائے تو اس کے بعد یونیورسٹی کی فضا بالکل درست ہو جائے گی۔ ذاکر صاحب نے کہا کہ آپ ایسے لوگوں کی فہرست بنا کر مجھے دےدیجیے۔

پھر کچھ دوسرے لوگ ذاکر صاحب سے ملے ۔ انھوں نے دوبارہ کہا کہ یو نیورسٹی کے کئی استاد کمیونسٹ اور دہریہ ہیں۔ ان کو آپ یہاں سے نکال دیں تو اس کے بعد یونیورسٹی کی فضا بالکل صحیح ہو جائے گی۔ ذاکر صاحب نے ان سے بھی کہا کہ آپ مذکورہ افراد کی فہرست بنا کر مجھے دےدیں ۔

دونوں صاحبان کی طرف سے فہرستیں بن کر آگئیں۔ اس زمانہ میں مسلم یونیورسٹی میں تقریباً تین سو آدمیوں کا ٹیچنگ اسٹاف تھا۔ جب کہ دونوں فہرستوں میں دو دو سو نام درج تھے ۔ ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا : میں حیران ہوں کہ آخر تین سو آدمیوں میں سے چارسو آدمیوں کو کیسے نکال دوں۔

 دونوں فہرستوں کو ملا کر جانچا گیا تو معلوم ہوا کہ تقریبا ًً پچاس نام ایسے ہیں جو دونوں فہرستوں میں مشترک طور پر موجود ہیں۔ ذاکر صاحب نے کہا کہ بتائیے ، اگر میں ان سب کو نکال دوں تو پھر یو نیو ر سٹی میں کون رہ جائے گا جو یہاں بچوں کو پڑھائے (الجمعیۃ، دہلی، ۲۸ جون ۱۹۸۰)

 یہ واقعہ قوم کی اخلاقی حالت کو بتارہا ہے۔ آج مسلمانوں کا حال یہ ہے کہ ہر ایک دوسروں کے بارے   میں سوچنے کا بادشاہ ہے۔ کوئی شخص اپنے بارے   میں سوچنے کے لیے تیار نہیں۔ ہر ایک کے پاس بیرونی غلط کاروں کی لمبی لمبی فہرستیں ہیں۔ مگر خود اپنی غلط کاری کی فہرست کسی کے پاس بھی نہیں۔

 کسی قوم کے افراد میں احتساب خویش کا مزاج ہو تو اس کے تمام معاملات درست رہتے ہیں۔ اور جس قوم کے افراد میں احتساب غیر کا مزاج پیدا ہو جائے ، اس کے تمام معاملات بگڑ جاتے ہیں۔ احتساب خویش کے مزاج سے دنیا بھی درست ہوتی ہے اور آخرت بھی۔ احتسابِ غیر کا مزاج دنیا کوبھی بگاڑ دیتا ہے اور آخرت کو بھی ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom