مسافر کی زندگی

حضرت عبد اللہ بن عمر کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا کندھا پکڑ کر فرمایا : دنیا میں اس طرح رہو گویا کہ تم اجنبی ہو یا تم یہاں ایک مسافر ہو ۔ اور حضرت عبد اللہ بن عمرکہا کرتے تھے کہ جب تم شام کرو تو تم صبح کا انتظار نہ کرو۔ اور جب تم صبح کرو تو تم شام کا انتظار نہ کرو۔ اور تم اپنی صحت سے اپنے مرض کے لیے لو اور تم اپنی زندگی سے اپنی موت کے لیے حاصل کرو ۔ (صحیح  البخاري،حدیث  نمبر 6416)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس نصیحت اور صحابی کی اس تشریح میں زندگی کا راز بتا دیا گیا ہے ۔ انسان جب اپنے گھر پر اور اپنے وطن میں ہو تو وہ سمجھتا ہے کہ میں اپنے مستقل مقام پر ہوں ۔ یہ احساس اس کی پوری زندگی کو ایک خاص ڈھنگ پر ڈھال دیتا ہے ، اس کے برعکس جو آدمی کسی اجنبی علاقہ میں سفر کر رہا ہو وہ سمجھتا ہے کہ میں ایک عارضی مقام پر ہوں ۔ یہ احساس اس کی پوری زندگی کو بالکل دوسرا رخ دیدیتا ہے  –––––– مومن کی زندگی ایک اعتبار سےاسی دوسرے انسان کی مانند ہوتی ہے ۔

مومن موجودہ دنیا میں اپنے آپ کو وقتی مسافر سمجھتا ہے ۔ یہ احساس اس کے اندر اس کی توجہ اور اس کی دل چسپیوں کو دنیا میں لگنے نہیں دیتا۔ وہ بظاہر دنیا میں رہتا ہے ، مگر اپنی یاد اور سوچ کےاعتبار سے وہ آخرت کا باسی بنا رہتا ہے ۔ یہ ذہن اس کے اندر بے پناہ صبر پیدا کر دیتا ہے ۔ وہ ہرتلخی کو برداشت کر لیتا ہے ، کیوں کہ ہر تلخی اس کو وقتی دکھائی دیتی ہے ۔ بڑے سے بڑے نقصان کووہ سہہ لیتا ہے ، کیوں کہ وہ سمجھتا ہے کہ دنیا کا فائدہ بھی عارضی ہے اور یہاں کا نقصان بھی عارضی۔شدید انتقامی جذبات بھی اس کے اندرونی سرد خانہ میں پہنچ کر بجھ جاتے ہیں۔ کیوں کہ وہ جانتاہے کہ انتقام لینے والا بھی بالآخر موت کی گرفت میں آنے والا ہے اور انتقام نہ لینے والا بھی ۔

یہ چیز اس کو حد درجہ وقت کا احساس کرنے والا (Time-conscious) بنا دیتی ہے۔ اس کو یقین نہیں ہوتا کہ وہ اگلی صبح تک جئے گا اس لیے وہ اپنی موجودہ شام کو آخری حد تک استعمال کرلینا چاہتاہے ۔ وہ اپنے ایک لمحہ کو بھی ضائع کرنا پسند نہیں کرتا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom