ایک آیت

وَاِنْ خِفْتُمْ شِقَاقَ بَيْنِهِمَا فَابْعَثُوْا حَكَمًا مِّنْ اَھْلِهٖ وَحَكَمًا مِّنْ اَھْلِھَا ۚ اِنْ يُّرِيْدَآ اِصْلَاحًا يُّوَفِّقِ اللّٰهُ بَيْنَهُمَا  ۭ اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلِــيْمًا خَبِيْرًا  (النساء: 35)

اور اگر تم کو دونوں کے درمیان بگاڑ کا اندیشہ ہو تو ایک منصف مرد کے اہل میں سے اور ایک منصف عورت کے اہل میں سے کھڑا کرو۔ اگر دونوں اصلاح چاہیں گے تو اللہ دونوں کے درمیان موافقت کر دے گا۔ بے شک اللہ سب کچھ جاننےوالا با خبر ہے ۔

اس آیت کی تشریح میں مولانا محمود حسن صاحب ؒلکھتے ہیں "یعنی اے مسلمانو ، اگر تم کو اندیشہ ہو کہ خاوند اور عورت میں مخالفت اور ضد ہے۔ وہ اپنے باہمی نزاع کو خود نہ سلجھا سکیں گے تو تم کو چاہیے کہ ایک منصف مرد کے اقارب میں سے اور ایک منصف عورت کے اقارب میں سے مقرر کر کے بغرض فیصلہ زوجین کے پاس بھیجو۔ یہ دونوں منصف احوال کی تحقیق کریں گے۔ اور جس کا جتنا قصور دیکھیں گے اس کو سمجھا کر باہم موافقت کرا دیں گے ۔ اگر دونوں منصف اصلاح بین الزوجین کا قصد کریں گے تواللہ تعالیٰ ان کے حسن نیت اور حسن سعی سے زوجین میں موافقت کرادے گا"۔

 جب بھی دو مسلمانوں میں نزاع کی کوئی صورت پیدا ہو تو وہ قرآن کے اس حکم کے تحت آجائےگا۔ اور عام مسلمانوں پر لازم ہو جائے گا کہ اس طریقہ کو اختیار کر کے مسلمانوں کے باہمی اختلاف کو ختم کریں۔ تاہم اس قرآنی حکم کی برکت اسی وقت ظاہر ہو سکتی ہے جب کہ فریقین اپنے ذاتی اصرار کو چھوڑ کر خدائی فیصلہ کے آگے جھکنے پر راضی ہوں۔ حضرت علیؓ کے سامنے ایک مرد اور ایک عورت کا جھگڑا لایا گیا۔ آپ نے دونوں طرف سے ایک ایک حَکم مقرر فرمایا ۔ عورت نے کہا کہ میں کتاب اللہ کے فیصلہ پر راضی ہوں، خواہ وہ میرے موافق ہو یا میرے خلاف۔مرد نے کہا کہ اگر تفریق کا فیصلہ ہوا تو وہ مجھے قبول نہیں ۔ حضرت علیؓ نے فرمایا کہ تم نے جو کہا خداکی قسم تجھ کو اللہ کی کتاب کے فیصلہ  پر راضی ہونا پڑے گا، خواہ وہ تمہارے موافق ہو یا تمہارے خلاف ۔( تفسیر ابن کثیر، الجزء الاول، صفحہ 493)

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom