دو طریقے

ایک دیہاتی آدمی مدینہ آیا۔ وہ مسجد نبوی میں داخل ہوا جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصحاب کے ساتھ موجود تھے ۔ وہ مسجد کے اندر کھڑا ہو کر پیشاب کرنے لگا۔ لوگوں نے اس کو تنبیہ کرنا چاہا مگر آپ نے منع فرما دیا۔ آپ نے کہا کہ دیہاتی کو چھوڑ دو اور ایک ڈول پانی لا کر وہاں بہا دو ۔ چنانچہ لوگوں نے ایسا ہی کیا ۔ (بخاری ، مسلم ، نسائی ، ترمذی، ابو داؤد ، مؤطا )

 دیہاتی پر اس واقعےکا بہت اثر پڑا۔ اپنے قبیلے میں واپس جاکر اس نے لوگوں سے پورا قصہ بیان کیا ۔ اس نے کہا کہ میں نے یہ حرکت کی کہ عبادت خانے میں پیشاب کر دیا۔ مگر خدا کی قسم ، محمد نے مجھ پر غصہ نہیں کیا۔ انھوں نے مجھے نہیں جھڑ کا  (والله ما قهر نی محمد والله ما زجرني محمد) قبیلے کے لوگ یہ بات سن کر بہت متاٴثر ہوئے ۔ حتٰی کہ سارا قبیلہ دین اسلام میں داخل ہو گیا ۔

 اب موجودہ زمانے کا واقعہ لیجیے۔ ہولی کا دن تھا ۔ ہندو نوجوانوں کی ایک پارٹی ہولی کھیلتی ہوئی شہر کی ایک سڑک سے گزر رہی تھی ۔ راستے میں ایک مسجد آگئی ۔ ایک نوجوان نے جوش میں آکر مسجد کی طرف پچکاری ماری مسجد کی ایک دیوار پر ہولی کے رنگ کے چھینٹے پڑ گئے۔ مسجد کی دیوار پر ہولی کا رنگ دیکھ کر وہاں کے مسلمانوں کو غصہ آگیا۔ وہ ہندو نوجوانوں سے لڑگئے ۔ مار پیٹ کی یہ خبر پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ ہر طرف فساد بھڑک اٹھا۔ مسلمانوں نے دیوار پر رنگ کو برداشت نہیں کیا تھا ، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ شہر کی سڑکیں ان کے خون سے رنگین کر دی گئیں ۔ اور ان کے گھروں اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا گیا ۔

دو واقعے میں یہ فرق کیوں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خدائی دین پر تھے ۔ اور موجودہ زمانے کے مسلمان قومی دین پر ہیں۔ جو لوگ خدائی دین پر چلیں ، ان کو فرشتوں کی مدد حاصل ہوتی ہے۔ ان کے لیے دلوں کے بند دروازے کھولے جاتے ہیں ۔ اس کے برعکس معاملہ ان لوگوں کا ہے جو قومی دین پر چلیں ۔ ایسے لوگوں کا ساتھی صرف ان کا نفس ہوتا ہے ۔ ان کا عمل ضد اور نفسانیت کی آگ بھڑکاتا ہے۔ وہ دوسروں کو نفرت کا تحفہ دیتے ہیں ، اس لیے دوسروں کی طرف سے بھی انھیں نفرت اورانتقام کا تحفہ دیا جاتا ہے ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom