تقویٰ کی علامت

قرآن میں قربانی کے جانور کو شعیرہ کہا گیا ہے۔ اس کے بعد ارشاد ہوا ہے کہ اللہ کو ان جانوروں کا گوشت اور خون نہیں پہنچتا بلکہ اس کو تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے (22:37)۔ اگر جانوروں کی قربانی سے سادہ طور پر صرف جانور کی قربانی مراد ہو تو یہاں یہ کہنا بے موقع ہے کہ خدا کو تمہارا ذبح کیا ہوا جانور نہیں پہنچتا بلکہ تمہارے دل کا تقویٰ پہنچتا ہے۔

اصل یہ ہے کہ اسلام میں کچھ چیزیں بطور شعیرہ یا علامت (symbol)مقرر کی گئی ہیں۔ انھیں میں سے ایک قربانی کا جانور بھی ہے۔ شعیرہ اس چیز کو کہتے ہیں جو کسی معنوی حقیقت کے لیے ظاہری علامت کا کام دے۔ مثلاً اللہ تعالیٰ کو یہ مطلوب ہے کہ بندے اپنے شیطانی جذبات کو اللہ کی خاطر ذبح کریں۔ یہ ایک نفسیاتی ذبح ہے اور اس نفسیاتی ذبح کی علامت کے طور پر جانوروں کی قربانی کا حکم دیا گیا ہے ۔قربانی کرتے ہوئے آدمی اپنی زبان سے یہ الفاظ ادا کرتا ہے ، جس کا ترجمہ یہ ہے، ’’میری نماز اور میری قربانی اور میری زندگی اور میری موت سب اللہ کے لیے ہے‘‘ (6:162)۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ قربانی کی ایک معنوی حقیقت ہے، اوردوسری ظاہری علامت ہے۔ حقیقی قربانی اُسی شخص کی ہے ،جس کی قربانی، خدا کے واسطے، اُس کے جذبات و احساسات کی قربانی کا ایک عملی محرک بن جائے۔

روزہ بھی اسی قسم کا ایک شعیرہ (علامت) ہے۔ ترکِ طعام حقیقتاً ترک معاصی کی علامت کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ غذا آدمی کی ضروریات کی آخری حد ہے۔ روزہ میں غذا کا ترک بندے کی طرف سے اس بات کا اظہار ہے کہ خدایا، دوسری چیزیں تو درکنار، میں پانی اور کھانا تک کو تیری خاطر چھوڑنے کے لیے تیار ہوں۔حدیث میں ہے کہ جو شخص جھوٹ بولنا اور جھوٹ پر عمل کرنانہ چھوڑے تو خدا کو اس کی حاجت نہیں کہ وہ اپنا کھانا اور پانی چھوڑ دے(صحیح البخاری،حدیث نمبر 1903)۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ روزہ کی اصل برائیوں سے بچنا ہے۔ جو شخص برائیوں کو نہ چھوڑے اور وقتی طور پر صرف کھانا اور پینا چھوڑ دے۔ اس نے گویا علامتی عمل پر اکتفاکیا اور اصلی عمل سے غافل رہا۔ ایسا بے روح عمل خدا کے یہاں اس قابل ہے کہ وہ ردّ کردیا جائے ۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion