ایمان کا لباس

وہب بن منبہ (34-114ھ)ایک مشہور تابعی اور جلیل القدر اہلِ علم میں شمار کیے جاتے ہیں۔  ان کا ایک بامعنٰی قول کتابوں میں ان الفاظ میں نقل کیا گیاہے: الْإِيمَانُ ‌عُرْيَانٌ، وَلِبَاسُهُ التَّقْوَى، وَمَالُهُ الْفِقْهُ، وَزِينَتُهُ الْحَيَاءُ(مصنف ابن ابی شیبہ، اثر نمبر 35235)۔یعنی،ایمان بے لباس ہے، اس کا لباس تقویٰ ہے، اس کا سرمایہ دین کی گہری سمجھ ہے، اور اس کی زینت حیا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ تینوں صفات ایمان کی بنیادی خصوصیات (features) ہیں۔یعنی یہ وہ عناصرہیں جن کے بغیر آدمی کا ایمان نامکمل رہتا ہے۔ جب تک انسان اپنے اندر یہ صفات پیدا نہ کرے، اس کا ایمان محض زبانی دعویٰ ہوگا، نہ کہ حقیقی ایمان۔

اصل یہ ہے کہ ایمان ایک اندرونی کیفیت ہے، اور عمل صالح اس کا ظاہری اظہار۔ جب انسان کے باطن میں ایمان کی سچائی اور پختگی نہ ہو، تو اس کا ظاہری عمل اللہ کی نظر میں ناقص شمار ہوگا، بلکہ بعض اوقات وہ عمل قابلِ ردّ بھی ہو سکتا ہے۔ اسی حقیقت کو وہب بن منبہ نے ’’ایمان کے بےلباس ہونے‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔

معاشرتی لحاظ سے اس قول کا ایک اور پہلو بھی ہے۔ یعنی جو لوگ ایمان کا دعویٰ کریں، لیکن ان میں وہ صفات پیدا نہ ہوں جن کو یہاں تقویٰ، سمجھداری، اور حیا کہا گیا ہے، تو وہ اپنے سماج میں ایسے افعال کے مرتکب ہو سکتے ہیں، جو نہ صرف ان کے اپنے لیے، بلکہ دینِ اسلام کے لیے بھی بدنامی کا باعث ہوں گے۔ کیوں کہ یہ صفات انسان کے لیے برائیوں کے مقابلے میں چیک اینڈ بیلنس کا کام کرتے ہیں، اور ان کو خیر کے عمل پر ابھارتے ہیں۔

ایمان ایک زندہ حقیقت ہے۔ اگر انسان اسے پوری سنجیدگی کے ساتھ دریافت کرے تو یہ اس کے پورے وجود کو ربانی رنگ میں رنگ دیتا ہے (البقرۃ، 2:138)۔جیسا کہ اصحابِ رسول کے زمانے میں ہوا، لیکن اگر ایمان کے اثرات انسان کے کردار، گفتار اور تعلقات میں ظاہر نہ ہوں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ محض ایک بے جان رسم ہے،نہ کہ کوئی حقیقی عمل جو انسان کے اندر گہرا انقلاب برپا کردے اور ایک عام انسان کو اعلیٰ انسان میں بدل دے۔(مولانا فرہاد احمد)

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion