پہلا اسکول

علم کی اہمیت اسلام میں اتنی زیادہ ہے کہ ہر دوسری مصلحت پر اس کو فوقیت حاصل ہے۔ موجودہ زمانے   میں مسلمان تعلیم کے میدان میں دوسری قوموں سے پیچھے ہو گئے ۔ اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ موجودہ زمانے   میں جو تعلیمی ادارے قائم ہوئے ، ان کے اساتذہ زیادہ ترغیرمسلم تھے۔ مسلمانوں کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ غیر مسلم استاد ہمارے بچوں کو خراب کر دیں گے ، اس لیے ان اداروں میں مسلمانوں کو داخل کرنا درست نہیں ۔ اس کے نتیجے   میں مسلمان تعلیم میں بہت پیچھے ہو گئے۔

یہ مصلحت درست نہ تھی ۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ اسلام کی تاریخ میں جو سب سے پہلا اسکول کھولا گیا، اس کے تمام استاد غیر مسلم تھے۔ یہ اسکول مدینہ میں مشرک قیدیوں کے ذریعہ کھولا گیا۔ بعض لوگ صفہ کو پہلا اسلامی مدرسہ کہتے ہیں۔ مگرصفہ تربیت گاہ تھا نہ کہ تعلیم گاہ ۔اسلام کی پہلی تعلیم گاہ یقیناً  وہ ہے جو غزوہ ٔبدر کے قیدیوں کے ذریعہ مدینہ میں قائم کی گئی اور اس کےٹیچر سب کے سب مشرک اور غیر مسلم تھے ۔

حتی کہ اس تعلیمی نظام کی بنا پرمدینہ میں مسائل بھی پیدا ہوئے ۔ مثلاً مسنداحمد بن حنبل کی ایک روایت میں بتایا گیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بدر کے قیدیوں کا فدیہ یہ مقرر کیا کہ وہ انصار کے لڑکوں کو لکھنا پڑھنا سکھا دیں۔ اس کے بعد ایک روز ایک لڑکا روتا ہوا اپنی ماں کے پاس آیا۔ ماں نے پوچھا تمہارا حال کیا ہے ۔ اس نے کہا کہ میرے معلم نے مجھ کو مارا ہے۔ جَعَلَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِدَاءَهُمْ ‌أَنْ ‌يُعَلِّمُوا ‌أَوْلَادَ الْأَنْصَارِ الْكِتَابَةَ، قَالَ: فجَاء غُلَام يَوْمًا يبكى إِلَى أمه فَقَالَت: مَا شَأْنك؟ فَقَالَ: ضَرَبَنِي مُعَلِّمِى (سيرة ابن کثیر، جلد ثانی ، صفحہ ۵۱۲)

یہ قیدی سب کے سب اسلام کے دشمن تھے۔ ان کو چھوڑنے میں یہ اندیشہ تھا کہ وہ دوبارہ اسلام کے خلاف مسئلہ بنیں گے ۔ اس کے باوجود انھیں تعلیم کی قیمت پر چھوڑ دیا گیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ تعلیم کی اہمیت اسلام میں اتنی زیادہ ہے کہ ہر اندیشے کو نظر انداز کر کے اسے حاصل کرنا چاہیے ۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom