اسلام کا طریقہ

موجودہ دنیا امتحان کی دنیا ہے ۔ یہاں ہر آدمی کو اپنے قول و عمل کی آزادی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں ایک اور دوسرے کے درمیان مقابلہ اور ٹکراؤ پیش آتا ہے جو بعض اوقات عداوت تک پہونچ جاتا ہے (البقرہ  ۳۶) ایسی حالت میں کرنے کا کام کیا ہے۔

 ۱۔ اس سلسلے میں پہلا حفاظتی انتظام وہ ہے جو خود خالق نے پیشگی طور پر کر رکھا ہے۔ اس نے ایسے داخلی اسباب پیدا کر دیے ہیں کہ لوگوں کی عداوتی نفسیات عام حالت میں سوئی ہوئی رہتی ہے۔ انسان کی بہترین عقل مندی یہ ہے کہ وہ سوئے ہوئے کو سویا ہوا رہنے دے۔ یہی وہ بات ہے جو حدیث میں ان لفظوں میں کہی گئی ہے کہ فتنہ سویا ہوا ہے ، اس شخص پر اللہ کی لعنت ہے جو اس کو جگائے،أنَّ الْفِتْنَةَ نَائِمَةٌ ‌لَعَنَ ‌اللَّهُ ‌مَنْ ‌أَيْقَظَهَا (كنز العُمّال،30891)

 ۲۔ تاہم احتیاط کے باوجود اگر فتنہ جاگ اٹھے تو اس وقت اس کو دوبارہ ختم کرنے کی اوّلین کارگر تدبیر یہ ہے کہ آدمی جوابی اشتعال میں مبتلا نہ ہو۔ وہ اس کے معاملے میں خاموشی اور اعراض کا طریقہ اختیار کرلے ۔ اکثر حالات میں صرف خاموشی اور اعراض اس کو ختم کرنے کے لیے کافی ہو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں حضرت عمرفاروق کی یہ نصیحت نہایت بامعنی ہے کہ باطل کو ہلاک کرو اس کےبارے   میں چپ رہ کر ( أمیتوا الْبَاطِل بِالصَّمْت عَنْه .) ‌أميتوا ‌الباطلَ بِالسُّكُوتِ عَنْهُ .

۳۔  اگر بالفرض جاگی ہوئی عداوت صرف خاموشی اور اعراض سے ختم نہ ہو تو اس کے بعد دوسری موٴثر تد بیر قرآن میں یہ بتائی گئی کہ برائی کے جواب میں بھلائی کا انداز اختیار کیا جائے ۔ اخلاق کی اس قسم میں تسخیر کی طاقت ہے ، وہ دشمن کو بھی دوست بنا دیتا ہے (حٰم السجدہ ۳۴)

۴۔ بعض استثنائی واقعات میں ایسا ہو سکتا ہے کہ یہ فطری تدبیر بھی کار گر ثابت نہ ہو ۔ اس وقت مظاہرہ ٔطاقت کا طریقہ اختیار کرنا چاہیے ۔ طاقت کا استعمال اب بھی نہ کیا جائے ۔ صرف یہ کیا جائے کہ طاقت کے مظاہرہ سے فریق ثانی کو اتنا مرعوب کیا جائے کہ وہ مخالفانہ اقدام سے رک جائے (الانفال ۶۰)

 ۵۔  اگر سنجیدہ کوشش کے باوجود یہ تمام تدبیریں ناکام ہو جائیں اور فریق ثانی سے مقابلہ بالکل ناگزیرہو جائے تو اس وقت اپنے دفاع میں حسب استطاعت مقابلے کا طریقہ اختیار کیا جائے۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom