خیر کثیر

عبداللہ بن عباس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا کے لڑکے تھے ۔ نوجوانی کی عمر میں ایک بار وہ اونٹ پر رسول اللہ کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے ۔ آپ نے ان کو ایک لمبی نصیحت فرمائی ۔ اس حدیث کاایک حصہ یہ ہے :

وَاعْلَمْ أنَّ فِي الصَّبْرِ عَلَى ‌مَا ‌تَكْرَهُ ‌خَيْرًا ‌كَثِيرًا، وَأَنَّ النَّصْرَ مَعَ الصَّبْرِ، وَأَنَّ الْفَرَجَ مَعَ الْكَرْبِ، وَأَنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا۔ (مسند الامام أحمد،2803)

جان لو کہ نا پسندیدہ بات پر صبر کرنے میں بہت زیادہ بھلائی ہے ۔ اور صبر کے ساتھ اللہ کی مدد آتی ہے۔ اور تکلیف کے ساتھ کشادگی ہے اور مشکل کےساتھ آسانی ہے ۔

یہ پیغمبرانہ الفاظ زندگی میں کامیابی کی حقیقت کو بتا رہے ہیں۔ ایسی حقیقت جس کا تعلق ذاتی زندگی سے بھی ہے اور قومی اور اجتماعی زندگی سے بھی ۔

آپ کو ایک گھر یا ایک دکان یا ایک آفس چلانا ہے تو لاز ماً  اس میں ایسی چیزیں سامنے آئیں گی جو آپ کو پسند نہ ہوں گی۔ ان ناپسندیدہ چیزوں پر اگر آپ بھڑک اٹھیں یا بے برداشت ہو جائیں تو آپ کبھی گھر یا دکان یا آفس کو چلانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ لیکن اگر آپ وقتی نا پسندیدگی کو برداشت کرلیں اور جذباتی ہیجان سے ہٹ کر عقلی فیصلےکے تحت کام کریں تو یقینا ً آپ اپنے مستقبل کو کامیابی طرف لے جائیں گے ۔

یہی معاملہ قومی اور اجتماعی زندگی کا بھی ہے ۔ قومی زندگی میں بھی دوسروں کی طرف سے ناخوشگوار باتیں پیش آتی ہیں۔ اشتعال انگیز الفاظ کان میں پڑتے ہیں۔ ان مواقع پر دوبارہ صبر ہی کامیابی کا واحد راستہ ہے ۔ اگر ایک گروہ کے لوگ دوسرے گروہ کی ناخوش گوار باتوں کو نظرانداز نہ کریں، اور ہر نا پسندیدہ بات پیش آنے پر دوسرے گروہ سے لڑنے کے لیے کھڑے ہو جائیں تو ایسے بے برداشت لوگ ہمیشہ ناکام اور بر باد رہیں گے ۔ پیغمبر کی نصیحت کے مطابق کامیابی کا طریقہ یہ ہے کہ ایسے مواقع پر اپنے منفی جذبات کو قابو میں رکھا جائے ۔ دوسروں کے خلاف اٹھنے کے بجائے اپنے آپ کو دبایا جائے۔ یہ صابر انہ طریقہ تنگی کے بعد کشادگی لائے گا، وہ مشکل کو بالآخر آسانی میں تبدیل کرنے کا سبب بن جائے گا۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom