قیامت کی خبر

۲۰ اکتوبر ۱۹۹۱ کو صبح پونے تین بجے ایک شدید زلزلہ (high-intensity earthquake) آیا۔ اس کا مرکز الموڑہ (یوپی) تھا۔ مگر اس نے دہلی تک کے علاقےکو بری طرح ہلا دیا۔ سیکڑوں مکانات گر گئے۔ ہزاروں مکانوں کو نقصان پہنچا۔ تقریباً ایک ہزار آدمی ہلاک ہو گئے۔ تین ہزار سے زیادہ آدمی زخمی ہوئے۔ وغیرہ وغیرہ۔ زلز لہ تقریباً ۴۵ سکنڈتک رہا۔

 اس سلسلے میں جو عبرت ناک واقعات سامنے آئے ہیں، ان میں سے ایک واقعہ یہ ہے کہ جس رات کو یہ زلزلہ آیا عین اس رات کو پنجاب کے جنگجوؤں نے سر سا(ضلع بریلی)کے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔ یہ رات کو ڈھائی بجے کا وقت تھا، انھوں نے رائفلوں (AK-47 rifles) سے فائرنگ شروع کی۔ اس وقت پولیس اسٹیشن میں تھوڑے سے سپاہی تھے۔ بظاہر وہ موثر دفاع کی پوزیشن میں نہ تھے۔

 مگر مشکل سے ۱۰منٹ گزرے تھے کہ بھونچال آگیا۔ زمین ہلنے لگی۔ ہر طرف ایک ہولناک منظر پیدا ہو گیا۔ یہ جنگجوؤں کے لیے سخت خلافِ توقع تھا۔ اس سے پہلے ان کے سامنے صرف ایک چھوٹی پولیس چوکی کا مسئلہ تھا۔ اب زمینی بھونچال کا مسئلہ ان کے سامنے آگیا۔ اس کے بعد انھوں نے اپنا حوصلہ کھو دیا۔ ٹائمس آف انڈیا (۲۱ اکتوبر ۱۹۹۱) کے الفاظ میں، اور پھر جنگجوؤں نے وہاں سے بھاگنے کا فیصلہ کیا غالباً یہ خیال کرتے ہوئے کہ آسمان ان کے اوپر گر رہا ہے:

...and the militants decided to flee probably thinking the heavens were falling on them. (p.16)

بھونچال ایک چھوٹی قیامت ہے جو بڑی قیامت کا پتہ دیتا ہے۔ بھونچال کے سامنے آدمی اپنی بے بسی کا تجربہ کرتا ہے۔ بے بسی کا یہی تجربہ زیادہ بڑے پیمانے پر اس وقت ہو گا جب کہ آدمی زلزلہ ٔقیامت کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھے گا اور وہ اس کو روکنے پر قادر نہ ہو گا۔

 آدمی طاقت پا کر سرکشی کرتا ہے۔ مگر جب قیامت کا زلزلہ زمین کو ہلائے گا۔ جب پہاڑ گر پڑیں گے۔ جب سمندر کی موجیں خشکی کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی۔ اس وقت انسان سب کچھ چھوڑ کر بھاگے گا۔ مگر وہ مایوسی کے ساتھ دیکھے گا کہ آج اس کے لیے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom