روحانی ترقی

اسلام کا اصل نشانہ روحانی ترقی ہے۔انسان کی روحانیت جاگے، انسان کے اندر چھپی ہوئی ربانیت بیدار ہو، یہ اسلام کا اصل مقصود ہے۔ قرآن میں اس کو تطہیر اور تزکیہ (التوبة، 9:103) کہاگیا ہے۔

اصل یہ ہے کہ ہر انسان پیدائش سے فطرتِ صحیح لے کر پیداہوتا ہے۔ اس اعتبار سے ہر انسان اپنی ابتدائی شخصیت کے اعتبار سے پاک صاف ہی ہوتاہے۔ مگر دنیا میں زندگی گزارتے ہوئے اس پر خارجی غبار چھا جاتےہیں۔ اس خارجی غبار سے پاک کرنا اور اپنے آپ کو دوبارہ اپنی فطری حالت پر لے جانا، یہی تطہیر اور تزکیہ ہے۔تطہیر اور تزکیہ کا یہ عمل آدمی کو خود کرنا پڑتاہے۔ ایک چھوٹا بچہ اپنے آپ ہی طاہر اور پاک ہوتاہے۔ مگر اس کی یہ حالت کسی ذاتی کوشش کی بنا پر نہیں ہوتی، بلکہ فطرت کی تخلیق کی بناپر ہوتی ہے۔ بڑا ہونے کے بعد جب آدمی اپنے آپ کو روحانی اعتبار سے طاہر اور پاک صاف بناتا ہے تو یہ اس کا اپنا عمل ہوتا ہے۔ یہ شعوری طورپر خود اپنے ارادہ اور اپنی کوشش سے اپنے آپ کو روحانی ترقی کے درجہ تک پہنچانا ہے۔ یہی خود حاصل کردہ روحانی ترقی وہ اصل چیز ہے جو اسلام میں مطلوب ہے۔ اسی کو قرآن میں قلب سلیم کہا گیاہے (الشعراء، 26:89)۔

حدیث میں ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کرتے ہوئے کہا: اللَّہُمَّ اجْعَلْ فِی قَلْبِی نُورًا(صحیح البخاری، حدیث نمبر6316)۔ یعنی اے اللہ، میرے دل میں نور ڈال دے۔ اسی طرح آپ نے ایک شخص کے بارےمیں یہ دعا کی: اللَّہُمَّ اغْفِرْ ذَنْبَہُ وَطَہِّرْ قَلْبَہُ(مسند احمد، حدیث نمبر 22211)۔یعنی اے اللہ، اس کے گناہ کو بخش دے،اور اس کے قلب کو پاک کردے۔ اسی طرح موطا امام مالک میں حضرت لقمان کا ایک قول اس طرح نقل کیاگیا ہے کہ اللہ دل کو حکمت کے نور سے اسی طرح زندہ کرتاہے جس طرح وہ مردہ زمین کو بارش سے زندہ کرتا ہے (إِنَّ اللہَ یُحْیِی الْقُلُوبَ بِنُورِ الْحِکْمَةِ. کَمَا یُحْیِی الْأَرْضَ الْمَیْتَةَ بِوَابِلِ السَّمَاءِ)موطا امام مالک،اثر نمبر 2117۔

یہی روحانی ترقی ہے، اور روحانی ترقی ہی اسلام کا اصل مقصود ہے۔ جو آدمی روحانی ترقی سے محروم ہو وہ یقینی طورپر اسلام سے بھی محروم ہوگا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom