جنت اور اہل جنت

جنت کیا ہے۔ جنت عجیب و غریب نعمتوں کی ایک دنیا ہے جو عجیب و غریب انسانوں کو موت کے بعد کے مرحلہ ٔحیات میں دی جائے گی۔ جنت خدا کا انتہائی خصوصی انعام ہے جو خدا کے انتہائی خصوصی بندوں کو ان کے انتہائی خصوصی عمل کے بدلے میں انھیں ملے گا۔

یہ خصوصی بندے وہ ہیں جنھوں نے اپنی زندگی کے موجودہ امتحانی مرحلے  میں حقائق کی سطح پرجینے کا ثبوت دیا۔ جنھوں نے خدا کی نشانیوں میں خدا کے وجود کو پالیا۔ جنھوں نے اپنے جیسے ایک انسان کو داعیٔ حق کے روپ میں دریافت کیا۔ جو خدا کو دیکھے بغیر خدا کے آگے ڈھ پڑے۔

 یہ وہ انوکھے انسان ہیں جن کو انا کے ساتھ پیدا کیا گیا تھا مگر انھوں نے حق کی خاطر اپنے آپ کو بے انا کر لیا۔ جن کو قول و عمل کی پوری آزادی حاصل تھی مگر انھوں نے خود اپنے فیصلے سے اپنے آپ کو پابند بنالیا۔ جنہوں نے بظاہراپنی محنت سے حاصل کیا اور پھر اپنے تمام حاصل کو خدا کے خانے میں ڈال دیا۔

یہ وہ نادر ہستیاں ہیں جن کے صبح و شام غیر اللہ کے درمیان گزرے مگر انھوں نے صبح و شام اپنے رب کو یاد کیا۔ جن کو دوسرے انسانوں پر قدرت ملی مگر اللہ کے خوف نے ان کی زبان اور ان کے ہاتھ پر روک لگادی۔ جن کے نفس میں غصہ اور انتقام کا طوفان اٹھا مگر اللہ کی پکڑکے احساس نے ان کے سینہ کی آگ کو ٹھنڈا کر دیا۔

یہ وہ قیمتی انسان ہیں جن کا حال یہ تھا کہ ان کو اس وقت پچھلی سیٹ پر بیٹھنے میں لذت ملی جب کہ دوسرے لوگ اگلی سیٹ پر بیٹھنے کے حریص بنے ہوئے تھے۔ جنھوں نے اپنے آپ کو اس وقت بنیا دوں میں دفن کیا جب کہ دوسرے لوگ گنبدوں پر جگہ لینے کے لیے دوڑ لگا رہے تھے۔

 یہ وہ نفیس روحیں ہیں جنہوں نے ذاتی تعصبات سے اوپر اٹھ کر چیزوں کو دیکھا۔ جنھوں نے اپنے آپ کو حذف کر کے لوگوں کے ساتھ خالص اصولوں کی بنیاد پر معاملہ کیا۔ جو شکایت اور اختلاف کے وقت بھی انصاف کے راستے سے نہیں ہٹے۔ جنھوں نے ہر قسم کے مفادات کو نظر انداز کر کے اپنےلیے وہ روش پسند کی جو حق و صداقت کے عین مطابق تھی۔

  جنت خدا کا باغ ہے۔ وہ اس انسان کے لیے ہے جو خدا کے پھول کی مانند دنیا میں رہا ہو۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom