آخری انجام

جنرل نوریگا (Manuel Antonio Noriega) نے پناما میں فوجی انقلاب کر کے حکومت پر قبضہ کر لیا ۔ اس کے بعد وہ پناما کے ڈکٹیٹر  بن گئے   ۔ انھوں نے اقتدار کے ساتھ ساتھ اپنے لیے بے شمار دولت اور جائداد اکٹھا کر لی۔ مگر اپنی پالیسیوں سے انھوں نے امریکہ کو ناراض کر لیا۔ امریکہ نے دسمبر ۱۹۸۹ میں پناما میں اپنی فوجیں داخل کر دیں ۔ جنرل نوریگا اپنا عالی شان محل چھوڑ کر بھاگے اور ویٹیکن کے سفارت خانہ میں پناہ لی ۔ مگر یہ پناہ ان کے کام نہ آسکی۔ امریکہ نے ویٹیکن پر دباؤ ڈالا۔ یہاں تک کہ اس نے ۳ جنوری  ۱۹۹۰  کو جنرل نوریگا کو امریکی سپاہیوں کے حوالے کر دیا ۔ (ٹائمس آف انڈیا ۶ جنوری ۱۹۹۰)

۳ جنوری کا وہ منظر بہت عبرت ناک تھا جب جنرل نوریگا ویٹیکن مشن سے ایک ہارے ہوئے انسان کی حیثیت سے باہر نکلے اور امریکی سپاہیوں نے فوراً  ہی ان کے ہاتھ کو ہتھکڑیوں میں جکڑ دیا۔ اے پی کے رپورٹر کے الفاظ میں ، جنرل نوریگا کا خاندان ، دوست ، محبت کرنے والے، دولت اور پسند کرنے والوں کی بھیڑ سب ان کا ساتھ چھوڑ چکے تھے ۔ کل تک جو شخص ایک طاقت ور انسان تھا ، آج اس کے لیے دنیا میں کوئی جگہ نہ تھی جہاں وہ جاسکے ۔

ایک مبصّر کے الفاظ میں ، جنرل نوریگا کو شاید ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ ایک اندھیری سرنگ میں داخل ہو رہے ہیں ۔ وہ مشن کی عمارت میں بھی تنہا تھے اور اس کے باہر بھی تنہا۔ ان کے میزبانوں نے انھیں یاد دلایا کہ وہ ان کے یہاں صرف ایک ناپسندیدہ مہمان تھے۔ پچھلے ایک ہفتے سے جنرل نوریگا ویٹیکن مشن کے ایک بند کمرہ میں خاموش پڑے ہوئے تھے۔ یہاں ان کے کان ایسے گانے سننے پر مجبور تھے جس میں کہا گیا تھا کہ اب تمہارے لیے کہیں بھاگنے کی جگہ نہیں، تمہارے لیے چھپنے کا کوئی مقام نہیں :

Nowhere to run, Nowhere to hide.

جنرل نو ریگا کی یہ کہانی ہر انسان کی کہانی ہے۔ جو کچھ جنرل نوریگا کے ساتھ اس دنیا میں پیش آیا، وہی تمام انسانوں کے ساتھ آخرت میں پیش آنے والا ہے۔ ہر آدمی بالآخر گرفتار ہو کر خدا کی عدالت میں حاضر کیا جانے والا ہے ۔ ہر آدمی پر وہ وقت آنے والا ہے جب کہ ہر چیز اس کا ساتھ چھوڑ دے گی۔ ہر آدمی کو یہ صورت حال پیش آنی ہے کہ وہ محسوس کرے گا کہ میرے لیے نہ بھاگنے کی کوئی صورت ہے اور نہ چھپنے کی کوئی جگہ ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom