دوست قرابت والا
اگر آپ کوئی اردو اخبار پڑھیں یا کسی مسلمان کے ساتھ کچھ دیر بیٹھیں تو آپ کو یہ یقین ہوجائے گاکہ ساری دنیا اسلام کی دشمن بنی ہوئی ہے۔ ساری دنیا بطور خاص امریکا، یہود اور ہنود اس سازش میں لگے ہوئے ہیں کہ دنیا سے اسلام کا نام و نشان مٹا دیا جائے۔ مگر کیا معاملہ واقعی ایسا ہی ہے۔ اگر آپ زمینی سطح پر غیر مسلم افراد سے ملیں تو آپ کو حقیقت حال بالکل اس کے بر خلاف نظر آئے گی۔ پوری دنیا کے تمام لوگ اس بات کی خواہش رکھتے ہیں کہ ان کو وہ چیز ملے جو ان کی فطرت کی پکارہے۔
اسلام اسی پکار کا جواب ہے۔سی پی ایس انٹرنیشنل کا مقصد یہ ہے کہ ساری دنیا میں قرآن کو انسان کی قابلِ فہم زبانوں میں عام کیا جائے۔ اس مقصد سے جو فائدہ حاصل ہوتا ہے، وہ ذیل کے تاثر سے معلوم ہوسکتا ہے۔یہ تاثر ایک اسپینش خاتون نے دیا ہے۔ ان کو اسپینی ترجمۂ قرآن عرب امارات میں ایک سی پی ایس ممبر نے دیا تھا:
The Quran in Spanish is a blessing. I am very grateful to have the word of God in my language and in physical form. It is very easy to understand and makes you want to read it. I think it is very important that each person have a Quran in their language. It feels very comfortable and pleasant to have it. For example, I don't speak English very well or Arabic. I got it on the internet, but seeing it, touching it, and being able to read it without language restrictions is wonderful.
یہ اور اس طرح کے ہزاروں واقعات اس دنیا میں ہر دن پیش آرہے ہیں، جو یہ بتاتے ہیں کہ دوسرے انسان اسلام اورمسلمانوں کے دشمن نہیں ہیں۔ اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ دوسرے انسانوں کو دشمن سمجھنے کا رویہ ترک کریں،بلکہ وہ ان کے ساتھ یک طرفہ طور پر خیرخواہی کا طریقہ اختیار کریں۔ اس کے بعد یہ ہوگا کہ نہ صرف عام انسان آپ کا گرویدہ ہوجائے گا، بلکہ جو بظاہر دشمنی پر آمادہ ہو، وہ بھی آپ کا دوست بن جائے گا، جیسا کہ قرآن (41:34)میں اللہ تعالیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے اور بھلائی اور برائی دونوں برابر نہیں، تم جواب میں وہ کہو جو اس سے بہتر ہو پھر تم دیکھو گے کہ تم میں اور جس میں دشمنی تھی، وہ ایسا ہوگیا جیسے کوئی دوست قرابت والا۔ (ڈاکٹر فریدہ خانم)
