عفو و تواضع

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طرح عبادت کے وہ طریقے بتائے جن کو اپنا کر آدمی اللہ کی نظر میں پسندیدہ بن سکتا ہے۔ اسی طرح آپ نے وہ اخلاقی اصول بھی بتائے ہیں جن کو اگر اختیار کر لیا جائے تو انسان دوسرے انسانوں کے درمیان عزت اور سربلندی کا مقام حاصل کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک حدیث یہاں نقل کی جاتی ہے :

وَمَا زَادَ اللهُ عَبْدًا بِعَفْوٍ إِلَّا عِزًّا، ‌وَمَا ‌تَوَاضَعَ ‌أَحَدٌ ‌لِلهِ إِلَّا رَفَعَهُ اللهُ۔(صحيح مسلم،حدیث نمبر2588)

اور اللہ تعالیٰ معاف کرنے والے کی صرف عزت کو بڑھاتا ہے اور جو شخص اللہ کے لیے تواضع اختیار کرے اس کو اللہ تعالی صرف اونچا ہی کرتا ہے۔

عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ کوئی شخص برائی کرے اور اس سے بدلہ نہ لیا جائے تو وہ دلیر ہو جائے گا اور پہلے سے زیادہ برائی کرے گا۔ مگر حدیثِ رسول اس کے بر عکس یہ بتاتی ہے کہ جو شخص برائی کرنے والے کو معاف کر دے تو اس کے بعد معاف کرنے والے کی عزت میں اور اضافہ ہو جائے گا۔

 اسی طرح عام آدمی یہ سمجھتا ہے کہ لوگوں کے ساتھ معاملہ کرنے میں کبھی جھکنا نہیں چاہیے۔ اگر جھکے تولوگ اور زیادہ جھکانے کی کوشش کریں گے۔ مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہتے ہیں کہ لوگوں کےساتھ معاملہ کرنے میں تو اضع کا انداز اختیار کرو۔ اگر تم تواضع کا انداز اختیار کرو گے تو اللہ تعالیٰ کی مد دسےتم کو اور زیادہ سربلندی حاصل ہوگی۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ عفو اور تواضع کا طریقہ فطرت کو اپیل کرتا ہے۔ اس کے اندر انسان کو مسخر کرنے کی طاقت ہے۔ وہ انسان کو اندر سے زیر کر دینے والا ہے۔ جو شخص عفو اور تواضع کا طریقہ اختیار کرے اس نے گویا اس فطرت کو مخاطب بنایا جو ہر آدمی کے اندر اس کے خالق نے رکھ دی ہے۔ جو عین اپنی سرشت کے مطابق حق کے آگے جھکنے اور صاحبِ حق کا اعتراف کرنے کا مزاج رکھتی ہے۔

فطرت فریق ِثانی کے اندر آپ کا نمائندہ ہے۔ جب آپ عفو اور تو اضع کا طریقہ اختیار کرتے ہیں تو اپنے اس نمائندہ کو آپ اپنی حمایت میں کھڑا کر لیتے ہیں۔ اور اس سے زیادہ طاقت ور حمایت کیا ہو سکتی ہے کہ خود فریق ثانی کے اندر آپ کا ایک حامی کھڑا ہو جائے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom