بے خبری

امیر شکیب ارسلان (۱۹۴۶ - ۱۸۶۹) لبنان میں پیدا ہوئے۔ وہ نہایت ذہین آدمی تھے۔ پہلی بار جب ان کی ملاقات سید جمال الدین افغانی سے ہوئی تو انھوں نے امیر شکیب ارسلان کی صلاحیتوں سے متاثر ہو کر کہا : أنا أھنّئ أرض الإسلام التي أنبتتك (میں اس اسلامی سرزمین کو مبارکباد دیتا ہوں جس نے تم کو جنم دیا)

 امیر شکیب ارسلان عربی، ترکی، فرانسیسی، انگریزی وغیرہ زبانیں جانتے تھے۔ انھوں نے یورپ کے ملکوں کا دورہ کیا اور وہاں عرصہ تک مقیم رہے۔ ان کو مطالعہ کا بہت شوق تھا۔ وہ اپنے بارے  میں لکھتے ہیں کہ مطالعہ سے زیادہ کوئی چیز مجھے اس دنیا میں محبوب نہیں۔ ایک ظریف نے کہا ہے کہ میں انگور کھانے سے کبھی نہیں اکتاتا، خواہ میرے پیٹ میں تکلیف ہی کیوں نہ ہو جائے۔ اسی طرح میں مطالعہ سے کبھی نہیں اکتاتا، خواہ میری آنکھوں میں جلن کیوں نہ پیدا ہو جائے (ذکری الامیر شکیب ارسلان، صفحہ۲۴)

امیر شکیب ارسلان کی آخری دریافت یہ تھی کہ مغرب کا سیاسی استعمار عالم ِاسلام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ وہ ساری عمر مغربی استعمار کے خلاف قلمی جہاد کرتے رہے۔ مجلہ السیاسة (بیروت) میں ایک بار ان کے ایک ہمدرد نے انھیں مشورہ دیا کہ زیادہ بہتر طریقہ یہ ہے کہ استعماری حکومتوں سے مصالحت کا انداز اختیار کرتے ہوئے کام کیا جائے۔ اس پر امیر شکیب ارسلان بگڑ گئے اور السیاسۃ میں سخت تر دیدی مضمون شائع کیا۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد امیر شکیب ارسلان کا نشانہ پورا ہوگیا۔ تمام مسلم ممالک مغرب کے سیاسی غلبہ سے آزاد ہو گئے۔ مگر عملی صورت حال میں کوئی فرق نہیں ہوا۔ مغرب کی بالا دستی اب بھی زیادہ طاقتور انداز میں قائم ہے۔ حتی کہ ہمارے جن بزرگوں نے مغربی استعمار کو سب سے بڑی برائی سمجھ کر ان کے خلاف سیاسی جہاد کیا تھا، ان کی اولاد دوبارہ بھاگ بھاگ کر انہیں مغربی ملکوںمیں جارہی ہیں تاکہ اپنی بہترین صلاحیت کو ان " اسلام دشمنوں" کی خدمت کے لیے وقف کر سکیں۔

 امیر شکیب ارسلان اور ان کے جیسے لوگ ان حقائق کو سمجھنے سے کیوں عاجزر ہے۔ اس کی وجہ ان کی بے خبری تھی۔ انھوں نے ادب جیسی چیزوں کا مطالعہ کیا مگر انھوں نے تاریخ اور سائنسی علوم کا زیادہ گہرا مطالعہ نہیں کیا۔ اس لیے وہ نہ زمانہ ٔحاضر کو سمجھ سکے اور نہ وقت کے مطابق قوم کو رہنمائی دینے میں کامیاب ہوئے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom