اُسوۂ  رسول

قدیم مکہ میں جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حق کا پیغام دینا شروع کیا تو اہل مکہ کی اکثریت نے آپ کے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔ وہ آپ کے خلاف طعنہ زنی کرتے ، آپ کا مذاق اڑاتے اور غلط حجتیں کرتے .فَجَعَلَتْ قُرَيْشٌ يَهْمِزُونَهُ وَيَسْتَهْزِئُونَ بِهِ ‌وَيُخَاصِمُونَهُ ، (السيرة النبوية،لابن  کثیر  ج  2ص 51)

اسی سلسلے کا ایک واقعہ وہ ہے جو ابو لہب کی بیوی (ام جمیل ) سے متعلق ہے ۔ ابن اسحاق کہتے ہیں کہ ام جمیل نے جب سورہ مسد کو سنا جس میں اس کا اور اس کے شوہر کا ذکر ہے تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی جب کہ آپ بیت اللہ میں تھے ۔ ابو بکر صدیق بھی آپ کے پاس تھے۔ اس وقت وہ سخت غصہ میں تھی۔ اس نے کہا کہ میں شاعرہ ہوں اور پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجو میں یہ شعر پڑھا :

مُذَمَّماً عَصَيْنَا وَأمْرهُ               أبَيْنَا وَ دِينَهُ قَلَيْنَا

ایک قابل مذمت شخص کی ہم نے نافرمانی کی۔ اس کی بات کا انکار کیا اور اس کے دین سے نفرت کی ۔ ابن اسحاق کہتے ہیں کہ قریش نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام مذمم  رکھا تھا۔ اس طرح وہ آپ کےخلاف سب وشتم کرتے تھے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ان کی یہ باتیں سن کر فرماتے :

الا تعجبُونَ لِمَا صَرَفَ اللهُ عَنِي مِنْ أَذَى قريش يَسُبّون وَيَهْجُونَ مُذَمَّما وَ انا مُحمّد (سیرۃ ابن ہشام ، الجزء الاول صفحہ  389) کیا تم کو اس پرتعجب نہیں ہوتا جو اللہ نے قریش کی اذیت کو مجھ سے پھیر دیا۔ وہ مجھ کو برا کہتے ہیں اور مذمم کہہ کر ہجو کرتے ہیں ۔ حالاں کہ میں محمدتعریف کیا ہوا ہوں ۔

قدیم اہل مکہ آپ کو مذمم  کہتے تھے مگر آپ کی نظر ،آنے والے مستقبل پر تھی جب کہ آپ عالمی سطح پر محمد بننے والے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ اہل مکہ کی باتوں پر غصہ نہیں ہوئے۔ جس شخص کی نظرمستقبل کے امکانات پر ہو وہ حال کی ناخوش گواریوں کو کوئی اہمیت نہیں دے گا۔ جس کو خدا سےملا ہوا ہو وہ بندوں سے چھینے جانے پر برہم نہیں ہوگا۔ جس کی صحت پر آسمان گواہی دے رہا ہو،وہ زمین والوں کی تردید پر کبھی بددل نہیں ہوگا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom