اسلامی عبادتیں

اسلام کی جو عبادتیں ہیں ، ان کی اگر چہ ایک ظاہری شکل ہے ۔ مگر اسی کے ساتھ ان کی ایک اسپرٹ (روح) ہے اور تمام عبادتیں اصلاً اپنی اسی اسپرٹ کے اعتبار سے مطلوب ہیں ۔

نماز کی اسپرٹ تواضع ہے۔ نماز میں اللہ اکبر( اللہ بڑا ہے) کہنا اور پھر سجدہ میں گرکر زمین پر اپنا سر رکھ دینا ، اس بات کا اقرار ہے کہ اس دنیا میں ساری بڑائی صرف ایک خدا کو حاصل ہے۔ بندےکے لیے صحیح رویہ صرف یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو جھکا دے۔ یہ اقرارآدمی کے اندر تواضع کا مزاج پیدا کرتا ہے۔ مسجد سے نکل کر جب وہ انسانوں کے درمیان آتا ہے تو ان سے معاملہ کرنے میں اس کا انداز، تواضع کا ہوتا ہے نہ کہ غرور اور گھمنڈ کا ۔

روزہ کی اسپرٹ برداشت ہے۔رمضان کے مہینے میں ناگزیر ضروریات زندگی کے معاملے میں برداشت کا طریقہ اختیار کر کے آدمی اپنے اندر یہ مزاج پیدا کرتا ہے کہ وہ سماج کے اندر تحمل اور برداشت کے ساتھ رہے ، جذبات ابھارنے والے مواقع پر وہ بے قابو ہونے سے بچے ۔

 زکوٰۃ کی اسپرٹ خیر خواہی ہے۔ زکوٰۃمیں آدمی اپنی کمائی کا ایک حصہ دوسروں کو دے کر اپنے اندر یہ جذبہ ابھارتا ہے کہ وہ دوسروں کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھے ، دوسروں کی ضرورت کے وقت وہ ان کے کام آئے ۔

حج کی اسپرٹ اتحاد ہے ۔ حج کے موقع پر ساری دنیا کے مسلمان ایک جگہ اکٹھا ہوتے ہیں۔ ایک دوسرے کی ناخوش گواریوں کو نظر انداز کرتے ہوئے متحدطور پر عبادتی امور انجام دیتے ہیں۔ یہ اتحاد و اتفاق کا سبق ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تمام مسلمان ایک دوسرے کو اپنا بھائی سمجھیں ۔ وہ مل جل کر ر ہیں۔ اختلافات میں الجھنے کے بجائے وہ متحد اور متفق ہو کر زندگی گزاریں ۔

انسان کا جسم باقی رہے ، مگر اس کی روح نکل جائے تو ایسا انسان مردہ انسان ہے ۔ اسی طرح جس عبادت کی شکل موجود ہو مگر اس کی روح اس میں نہ پائی جاتی ہو تو ایسی عبادت مردہ عبادت ہے۔ اس سے وہ فائدہ نہیں مل سکتا جو زندہ عبادت سے عبادت کرنے والے کو ملتا ہے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom