دعوت کے حدود

قرآن میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ تم لوگوں کو نصیحت کرو ، کیوں کہ تم صرف نصیحت کرنے والے ہو ۔ تم لوگوں کے اوپر داروغہ نہیں ہو( الغاشیہ: 22) اسی طرح دوسرے مقام پر کہا گیا ہے کہ تم لوگوں کے او پر جبر کرنے والے نہیں ہو ، پس تم قرآن کے ذریعہ اس شخص کو نصیحت کرو جو میرے ڈرانے سے ڈرے (ق: 45) حدیث میں ارشاد ہوا ہے :

عَنْ أَبِي مُوسَى قَالَ: كَانَ رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم إِذَا بَعَثَ أَحَدًا مِنْ أَصْحَابِهِ فِي بَعْضِ أَمْرِهِ قَالَ: ‌بَشِّرُوا ‌وَلَا ‌تُنَفِّرُوا، وَيَسِّرُوا وَلَا تُعَسِّرُوا (صحیح  مسلم،حدیث  نمبر  1732) حضرت ابو موسیٰ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ سلم جب اپنے اصحاب میں سے کسی کو کسی کام پر بھیجتے تو فرماتے کہ خوش خبری دو اور متنفر نہ کرو، آسانی پیدا کرو اور لوگوں کو مشکل میں نہ ڈالو ۔

اس طرح کی آیتیں اور حدیثیں گو یا دعوت کے عمل کی حد بندی کر رہی ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہےکہ داعی  کو ابلاغ کے دائرہ میں رہ کر کام کرنا ہے ، اس کو اجبار کے دائرہ میں داخل نہیں ہونا ہے۔ اس کو یہ حق ہے کہ وہ سمجھانے بجھانے کے تمام ذرائع کو استعمال کرے۔ مگر اس کو یہ حق نہیں کہ وہ تخریبی طریقہ اختیار کر کے لوگوں کو مجبور کرنے لگے ۔ مثال کے طور پر فیملی پلاننگ کو لیجیے۔ فیملی پلاننگ کا موجودہ نظریہ اسلامی تعلیمات کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔ یہاں ایک داعی کو یہ کرنا ہے کہ وہ دلائل کے ذریعہ اسلامی نقطۂ  نظر کو ثابت کرے ۔ اور اس طرح اس کے بارے میں لوگوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کرے۔ اس طریقہ کی ایک مثال راقم الحروف کی کتاب عظمت قرآن (صفحہ 23 – 26) میں دیکھی جاسکتی ہے ۔

لیکن اگر کچھ لوگ "اینٹی فیملی پلاننگ مہم "چلائیں ۔ وہ فیملی پلاننگ کے پوسٹر پھاڑیں ، اخباروں کو جلائیں اور دکانوں کو بند کرائیں ، تو اس قسم کی مہم درست نہ ہوگی۔ کیوں کہ یہ دعوت نہیں ایجی ٹیشن ہے۔ یہ ابلاغ کی حد کو پار کر کے اجبار کی حد میں داخل ہونا ہے ، اور اس قسم کا تجاوز داعی کے لیے جائز نہیں ۔ ایسا طریقِ کار لوگوں کو اسلام سے متنفر کرنے کا سبب بنتا ہے، جب کہ ہمارا کام یہ ہے کہ ہم لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کریں ۔ اس قسم کی" اینٹی" مہم چلانا گویا دعوتی مواقع کو قتل کرنا ہے۔ اپنی حقیقت کےاعتبار سے یہ تخریب کاری ہے نہ کہ دعوت الی اللہ ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom