دو قسم کے لوگ

جسم کے اوپر کیچڑ لگ جائے تو اس کو پانی سے دھویا جا سکتا ہے ۔ لیکن اگر جسم کے اندر کوئی د اخلی خرابی پیدا ہو جائے تو اس کو دھو کر صاف کرنا ممکن نہیں ۔ یہی معاملہ دین کا بھی ہے۔ اگرآ دمی اوپری طور پر کسی دینی خرابی میں مبتلا ہو تو اس کے متعلق امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سے درگزرفر مائے گا۔ مگر جن کے گناہوں نے جسم سے لے کر روح تک ان کا احاطہ کر لیا ہو ، ان کے لیے اللہ تعالیٰ کےیہاں معافی نہیں ۔

 ایک برائی وہ ہے کہ جب آدمی اس کو کرے تو اس کا دل اس کا ساتھ نہ دے۔ اس کو یہ  ا حساس ستاتا رہے کہ وہ گناہ کر رہا ہے ۔ اپنے اس فعل کی بنا پر اس کو خود اپنے آپ سے نفرت ہو جائے ۔ وہ شرمندہ ہو کر معافی چاہے اور شیطان سے پناہ مانگتا ہوا اللہ کی طرف دوڑ پڑے ۔ ایسےآ دمی کی اندرونی حالت اس بات کا ثبوت ہوتی ہے کہ اس کا گناہ اوپری گناہ تھا۔ وہ اس کی روح کا گناہ نہ تھا۔ اس کی برائی کی مثال ایسی ہے جیسے کسی کے جسم کا اندرونی نظام تو صحت مند تھا۔ البتہ اس کے جسم کے اوپر کسی وجہ سے گندگی لگ گئی ۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے لیے تزکیہ کا وعدہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان کو پاک فرمائے گا۔ اور آخرت میں ان کو اس قابل بنا دے گا کہ وہ جنت کی پاکیزہ دنیا میں آباد ہوسکیں ۔

 دوسرے لوگ وہ ہیں جن کی برائی ان کے اندر تک داخل ہو گئی ہو۔ ان کے اعضاء جو کچھ کریں وہ ان کے دل و دماغ کا سوچا سمجھا منصوبہ ہو۔ ان کا فعل محض وقتی جذبہ کے تحت صادر نہ ہوا ہو بلکہ  اس کے پیچھے حسد، بغض، کبر ، انتقام ، اور سرکشی جیسے اندرونی جذبات کام کر رہے ہوں ۔ ان کے ظاہری   عمل میں ان کے اندرونی احساسات پوری طرح شریک ہوں ۔ ایسے لوگوں کی خرابی اوپری خرابی نہیں،ان کی شخصیت میں آخری گہرائی تک اتری ہوئی ہے ۔ اس قسم کے لوگ تزکیۂ خداوندی سے محروم رہیں  گے ، وہ آخرت میں جہنم کے مستحق قرار پائیں گے ۔

پہلی قسم کے لوگ دنیا ہی میں اپنا حساب آپ کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ آخرت کے حساب سے  بچ جائیں گے۔ دوسری قسم کے لوگ دنیا میں اپنے حساب سے غافل ہوتے ہیں ۔ یہی لوگ ہیں جو آخرت میں پکڑے جائیں گے ۔ اور جو شخص آخرت میں پکڑا جائے اس کے لیے نجات کی کوئی صورت نہیں۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom