ذہنی فاصلہ

قرآن کی سورہ نمبر 11  میں حضرت شعیب علیہ السلام کا ذکر ہے ۔ وہ حضرت ابراہیم کی نسل سے تھے جو غالباً حضرت ابراہیم کے سو سال بعد پیدا ہوئے۔ ان کے مخاطب مدین کے لوگ تھے۔ کہا جاتا ہے کہ اہل ِمدین قدیم زمانے میں بحر احمر کے عرب ساحل پر آباد تھے۔ پیغمبر کا انکار کرنے کے بعد وہ ایک شدید زلزلہ میں تباہ کر دیے گئے۔

 قرآن میں بتایا گیا ہے کہ حضرت شعیب نے جب اپنی قوم کو خدا کے دین کی دعوت دی تو انھوں نے کہا کہ اے شعیب ، جو کچھ تم کہہ رہے ہو اس کا بہت سا حصہ ہماری سمجھ میں نہیں آتا۔( قَالُوْا يٰشُعَيْبُ مَا نَفْقَهُ كَثِيْرًا مِّمَّا تَقُوْل (هو د: 91) حضرت شعیب علیہ السلام کو حدیث میں خطیب الانبیاء کہا گیا ہے (روح المعانی ) آپ واضح اور موثر انداز میں کلام کرنے کی خصوصی صلاحیت رکھتے تھے۔ مزید یہ کہ آپ کے مخاطب ( اہلِ مدین ) حضرت ابراہیم کو مانتے تھے۔ ان کا سلسلہ ٔ نسب چوتھی پشت میں حضرت ابراہیم سے مل جاتا تھا۔ اس کے باوجود کیوں ایسا ہوا کہ حضرت شعیب نے جب دین توحید کی بات ان کے سامنے پیش کی تو انھوں نے کہہ دیا کہ تمہاری بات ہماری سمجھ میں نہیں آتی۔

اس کی وجہ یہ  تھی کہ کئی نسل گزرنے کے بعد وہ حضرت ابراہیم کی اصل تعلیمات سے دور ہو چکے تھے ۔ ان کی سوچ وہ نہ رہی تھی جو خدا کے پیغمبروں کی سوچ ہوتی ہے۔ اس طرح حضرت شعیب اور اہل مدین کے درمیان ایک قسم کا ذہنی فاصلہ (Intellectual gap) پیدا ہو چکا تھا۔ یہی چیز تھی جو ان کے لیے   پیغمبر کی بات کو سمجھنے میں رکاوٹ بن گئی۔

جو لوگ غیر اللہ کی بڑائی میں جی رہے ہوں وہ اللہ کی بڑائی والی باتوں میں اپنی ذہنی غذا نہیں پاتے۔ جو لوگ دنیا کے فائدوں میں کھوئے ہوئے ہوں انھیں آخرت کے فائدہ کی بات بالکل اجنبی معلوم ہوتی ہے۔ جو لوگ صرف اپنی عقل سے سوچنا جانتے ہوں وہ وحی کی رہنمائی کو سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ جو لوگ قریب کی صرف چھوٹی مصلحتوں کو دیکھ پاتے ہوں ، وہ ان عظیم تر مصلحتوں کو دیکھنے سے عاجز رہ جاتے ہیں جو مستقبل بعید کے پر دہ میں چھپی ہوئی ہوں ۔

اسی طرح جو لوگ نفرت کی نفسیات میں جیتے ہوں وہ محبت کے پیغام کی اہمیت کو سمجھ نہیں سکتے۔ جو لوگ صرف لڑائی اور ٹکراؤ کی زبان جانتے ہوں ان کے لیے   صبر اور اعراض کی حکمتوں تک پہنچنا ممکن نہ ہو گا۔ خلاصہ یہ کہ جو لوگ صرف انسانی عقل سے سوچنا اور رائے قائم کرنا جانتے ہوں وہ ان باتوں کو جاننے اور سمجھنے سے عاجز رہتے ہیں جن کا جاننا اور سمجھنار بّانی عقل کے بغیر ممکن نہیں۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom