احترام انسانیت

خلیفہ ثانی عُمر فاروق کے زمانہ میں حضرت عَمرو بن العاص مصر کے گورنر تھے ۔ انھوں نے ایک بار گھوڑوں کی دوڑ کرائی۔ اس دوڑ میں گورنر کے بیٹے کا گھوڑا بھی شریک تھا ۔ مگر جب دوڑ ہوئی تو ایک مصری (غیر مسلم ) کا گھوڑا آگے بڑھ گیا۔ مصری نے فتح کے جوش میں کوئی ایسا جملہ کہا جو گورنر کے صاحبزادے (محمد بن عمرو بن العاص) کو برا معلوم ہوا اور انھوں نے مذکورہ مصری کو کوڑے سے مار دیا، مارتے ہوئے ان کی زبان سے نکلا:خُذْهَا وَأَنَا ابْنُ الْأَكْرَمَيْنِ (یہ لو، اور میں شریفوں کی اولاد ہوں)۔

حضرت انس بن مالک اس قصہ کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مصری (غیر مسلم) مصر سے چل کر مدینہ پہنچا اور خلیفہ ثانی عمر فاروق سے شکایت کی کہ گورنر کے لڑکے نے اس طرح اس کو کوڑے سے مارا ہے ۔ حضرت عُمر نے فرمایا کہ تم یہاں ٹھہرو۔ اور فوراً اپنے ایک خاص آدمی کو مصر بھیجا کہ عمرو بن العاص اور ان کے بیٹے محمد بن عمرو جس حال میں ہوں اسی حال میں ان کو لے کر مدینہ آؤ۔ چنانچہ وہ لوگ لائے گئے۔ جب وہ مدینہ پہنچے تو حضرت عمر نے فرمایا:أَيْنَ الْمِصْرِيُّ، دُونَكَ الدِّرَّةَ فَاضْرِبْ بِهَا ابْنَ الْأَكْرَمَيْنِ (مصری کہاں ہے۔ یہ کوڑا لو اور اس سے شریف زادہ کو مارو)۔

اس کے بعد مصری نے کوڑا لیا اور گورنر مصر کے سامنے ان کے صاحبزادہ کو مارنا شروع کیا۔ وہ مارتا رہا، یہاں تک کہ ان کو زخمی کر دیا۔ حضرت عمر درمیان میں کہتے جاتے تھے کہ شریف زادہ کو مارو جب وہ خوب مار چکا تو حضرت عمر فاروق نے کہا کہ ان کے والد عمرو بن العاص کے سر پر بھی مارو، کیوں کہ خدا کی قسم ان کے بیٹے نے صرف اپنے باپ کی بڑائی کے زور پر تم کو مارا تھا (فَوَاللهِ مَا ضَرَبَكَ ابْنُهُ إِلَّا بِفَضْلِ سُلْطَانِهِ

مصری نے کہا کہ اے امیر المومنین ، جس نے مجھ کو مارا تھا اس کو میں نے مار لیا ۔ اس سے زیادہ کی مجھے حاجت نہیں ۔ حضرت عمر نے کہا:خدا کی قسم اگر تم ان کو بھی مارتے تو ہم تمہارے اور ان کے درمیان حائل نہ ہوتے ، یہاں تک کہ تم خود ہی ان کو چھوڑ دو ۔ پھر آپ نے عمروبن العاص سے مخاطب ہو کر فرمایا:يَا عَمْرُو، مَتَى اسْتَعْبَدْتُمُ النَّاسَ وَقَدْ وَلَدَتْهُم أُمَّهَاتُهُمْ أَحْرَارًا (اے عَمرو ، تم نے کب سے لوگوں کو غلام بنا لیا، حالانکہ ان کی ماوں نے ان کو آزاد پیدا کیا تھا ) ابن جوزی، سیرۃ عمر بن الخطاب۔

یہ واقعہ انسانی احترام اور انسانی برابری کی آخری اعلیٰ مثال ہے۔ اس واقعہ نے ایک انسان اور دوسرے انسان کے درمیان ہر قسم کے فرق کو عملاً ختم کر دیا۔ اس نے انسان عدل وانصاف کی ایسی نظیر قائم کر دی جس کے آگے انسانی عدل وانصاف کا کوئی اور درجہ نہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion