اصطلاحاتِ حج
میقات: مکہ سے پہلے کا وہ مقام جہاں سے احرام باندھا جاتا ہے۔
احرام: حج یا عمرہ کی نیت کرکے خاص طرح کا سادہ لباس پہننا۔
تلبیہ: لَبَّيْكَ اللّٰهُمَّ لَبَّيْكَ والی دعا پڑھنا۔
تہلیل: لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ پڑھنا۔
طواف: خانہ کعبہ کے گردسات چکر لگانا۔ طواف کی کئی قسمیں ہیں۔ مثلاً طواف قدوم، طواف زیارت، طواف وداع۔
مطاف: خانہ کعبہ کے گرد کی وہ جگہ جہاں گھوم کر طواف کیا جاتا ہے۔
عمرہ : حج اصغر، یعنی احرام باندھ کر کعبہ کا طواف کرنا اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کرنا۔
حج افراد: صرف حج کا احرام باندھنا۔ وہ شخص مفرد ہے جو اس طرح احرام باندھے۔
قران: حج اور عمرہ دونوں کا احرام ایک ساتھ باندھنا۔ ایسا کرنے والے کو قارن کہتے ہیں۔
تمتع: حج کے زمانہ میں احرام باندھ کر عمرہ کرنا اور پھر کچھ دنوں کے لیے احرام کھول کر حج کے لیے دوبارہ احرام باندھنا۔ ایسے شخص کو متمتع کہا جاتا ہے۔
رمل: طواف کے وقت اکڑ کر چلنا اور کندھوں کو ہلانا۔
اضطباع: احرام کی دو چادروں میں سے اوپر والی چادر کو دائیں بغل سے نکال کر بائیں کندھےپر ڈالنا۔
سعی: صفا اور مروہ کے درمیان سات مرتبہ آنا جانا۔
میلین اَخضرین: وہ سبز ستون جن کے درمیان سعی کرنے والے کو تیز چلنا ہوتا ہے۔
شوط: کعبہ کے گرد ایک چکر یا صفا و مروہ کے درمیان ایک چکر لگانے کو شوط کہتے ہیں۔
استلام: حجر اسود کو چھونا یا اس کا بوسہ لینا یا دونوں ہتھیلی کو اس طرف کرکے چومنا۔
وقوف: عرفات کے میدان میں اور مزدلفہ میں پہنچ کر کچھ دیر ٹھہر نا۔
رمی: جمرہ پر کنکریاں پھینکنا۔ جمرات تین ہیں: جمرۂ اولیٰ، جمرۂ وسطیٰ، جمرۂ عقبہ۔
جمرات: جمرۂ اولیٰ، جمرۂ وسطیٰ، جمرۂ عقبہ۔ یہ تینوں مسجد خیف کے پاس ہیں۔
تحلیق: قربانی کے بعد بال منڈانا۔
تقصیر: قربانی کے بعد بال ترشوانا۔
حطیم: خانہ کعبہ کا وہ حصہ جو پہلے اس کا جزء تھا مگر اب اس سے باہرہے۔
حجر اسود: وہ پتھر جو کعبہ کے جنوب مشرقی کونے میں نصب ہے۔
آفاقی: وہ مسلمان جو حج کے لیے حدود میقات کے باہر سے آیا ہو۔
اہل حل: وہ لوگ جو میقات کی حدود کے اندر اور حدود حرم سے باہر رہتے ہوں۔
اہل حرم: مکہ اور حرم میں بسنے والے لوگ۔
ہدی: وہ جانور جو قربانی کی نیت سے حاجی اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔
تقلید: قربانی کے جانور کے گلے میں پٹہ باندھنا۔
رفث: بے ہودہ باتیں کرنا۔ ایسی باتیں ایام حج میں حرام ہیں۔
نحر: قربانی جو رمی کے بعد منیٰ میں کی جاتی ہے۔
ملتزم: حجرِ اسود اور کعبہ کے دروازہ کے درمیان کی جگہ جہاں خصوصی دعا کی جاتی ہے۔
رکن اسود: کعبہ کا چوتھا گوشہ جہاں سے حجر اسود کا استلام کرکے طواف شروع کیا جاتا ہے۔
مقام ابراہیم: وہ پتھر جس پر کھڑے ہوکر حضرت ابراہیم نے خانہ کعبہ کی تعمیر کی تھی۔
کفارہ: حج کی ادائیگی میں غلطی کی تلافی کے لیے قربانی دینا یا صدقہ دینا۔