سورج پر خاک
سلمان رشدی بمبئی میں پیدا ہوئے ۔ اب وہ اپنی برطانی بیوی میریا نے وگنس( (Marianne Wiggins کے ساتھ لندن میں رہتے ہیں۔ ان کی کئی انگریزی کتا بیں (ناولیں ) اس سے پہلے شائع ہوچکی ہیں۔ ان میں سے ایک مشہور کتاب آدھی رات کے بچے(Midnight’s Children)ہے جو 1981 میں شائع ہوئی ہے ۔ حال میں ان کی 547 صفحات کی ایک کتاب ایک برطانوی پبلشر و ائکنگ پریس ( Viking Press) نے شائع کی ہے جو لندن سے 26 ستمبر 1988 کو ریلیز کی گئی ہے۔ اس کتاب کا نام "شیطانی کلام" (The Satanic Verses) ہے۔
مصنف نے کتاب کا نام (شیطانی کلام ) بطور خود اس کے اساسی کردار" محاونڈ" (Mahound) کی نسبت سے استعمال کیا ہے جوکہ نعوذ باللہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی بگڑی ہوئی شکل ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ کتاب کا یہ نام کتاب کے مفروضہ کردار کے بجائے خود کتاب کےمصنف کے اوپر زیادہ صحیح طور پر چسپاں ہوتا ہے۔
سلمان رشدی نے اپنے ایک بیان (ٹائمس آف انڈیا 8 اکتوبر 1988) میں کہا ہے کہ یہ کتاب مذہب اور الہام کے بارے میں ایک سیکولر آدمی کا نقطہ ٔنظر بیان کرنے کی ایک کوشش ہے:
It's an attempt to write about religion and revelation from the point of view of a secular person.
مگر زیادہ صحیح بات یہ ہوگی کہ یہ کہا جائے کہ وہ ایک سیٹانک پرسن (Satanic person)کے نقطہ ٔنظر کو بیان کرنے کی کوشش ہے ۔ کیوں کہ سیکولرزم ، یا سکولر انسان کا یہ مطلب کسی بھی سنجیدہ صاحب علم نے کبھی نہیں بتایا جس کا نمونہ سلمان رشدی نے اپنی مذکورہ کتاب میں پیش کیا ہے۔
یہ کتاب اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف ایک انتہائی بیہودہ اور فحش قسم کا ناول ہے۔جیسا کہ خود اس کے نام سے ظاہر ہے۔ اس میں حمزہ اور عائشہ وغیرہ کے نام تو بالکل اصل حالت میں درج کیے گئے ہیں ، البتہ پیغمبر کا نام محمد کے بجائے محاونڈ (Mahound) لکھا گیا ہے۔ یوروپ کے مسیحی علماء اور مستشرقین نے قدیم زمانہ میں اپنے جذبۂ عناد کی تسکین کے لیے آپ کے نام کو طرح طرح سے بگاڑا تھا۔ انھیں میں سے ایک بگڑا ہوا نام وہ ہے جس کو سلمان رشدی نے انتہائی مجرمانہ طور پر اپنی کتاب میں استعمال کیا ہے۔
حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم نسل انسانی کی بزرگ ترین شخصیت ہیں ۔ آپ کی ذات گرامی بلاشبہ پوری انسانیت کے لیے فخر کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ کی عظمت اور آپ کا تقدس اتنا زیادہ مسلم ہے کہ دنیا کے تمام سنجیدہ لوگوں نے متفقہ طور پر اس کا اقرار کیا ہے۔
آپ کا ایک خصوصی امتیاز یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ابدی طور پر فتح و غلبہ کی نسبت عطا فرمائی ہے ۔ چنانچہ قدیم عرب میں ہر قسم کی شدید ترین مخالفت کے باوجود آپ تمام قبائل کے اوپر مکمل طور پر غالب رہے۔ آپ کے زمانہ کی دو طاقتور ترین سلطنتیں (روم اور ایران) آپ سے ٹکرائیں مگر وہ خود پاش پاش ہو کر رہ گئیں ۔ آپ کے ظہور کے بعد یہودی اور عیسائی ساری دنیا میں آپ کے دشمن ہو گئے، مگر وہ آپ کا کچھ بھی بگاڑ نہ سکے۔
صلیبی جنگوں کے بعد یوروپ کی مسیحی اقوام نے متحدہ طور پر یہ کوشش کی کہ وہ آپ کی تصویر کو بگاڑیں اور آپ کی تاریخ کو بالکل مسخ کر ڈالیں۔ مگر ہزار برس تک اپنی ساری طاقت خرچ کرنے کے باوجود ان کی کوششیں صد فی صد نا کام ہوگئیں۔ یہاں تک کہ سائنس کے زیر اثر خود علم انسانی میں وہ انقلاب آیا جس نے آپ کے معاندیں کے پیدا کردہ لٹریچر کو غیر حقیقی قرار دے کر رد کر دیا۔ خود مسیحی طبقہ کی بعد کی نسلوں میں ایسے لوگ پیدا ہوئے جنھوں نے اپنی ابتدائی نسلوں کی بات کو ماننے سے انکار کر دیا۔ ان میں ٹامس کارلائل پیدا ہوا جس نے آپ کو تمام پیغمبروں کا ہیرو قرار دیا ( 1840) ان کے درمیان سے مائیکل ہارٹ اٹھا جس نے یہ اعلان کیا کہ محمد تاریخ کے واحد سب سے بڑے انسان تھے (1978) وغیرہ ۔
جو ہستی اتنی عظیم ہو اور جس کی بڑائی ایسا مسلمہ واقعہ بن چکی ہو ، اس کے خلاف کتاب لکھنا یا اس کی شان میں برے کلمات اپنی زبان سے نکالنا یقیناً ایسا ہی ہے جیسا سورج کے اوپر خاک ڈالنا۔ جو شخص سورج کے اوپر خاک ڈالنے کی کوشش کرے وہ خود اپنے منھ میں خاک ڈال رہا ہے ، وہ خود اپنے آپ کو باطل ثابت کر رہا ہے۔
کتّا اگر ہاتھی کے اوپر بھونکے تو ہاتھی کو اس کی ضرورت نہیں کہ وہ کتے کی بھونک کی تردید کرے۔ ہاتھی اپنے با عظمت وجود کے ساتھ اپنے آپ کتّے کی بھونک کی تردید ہے۔ پیغمبر اسلام کی عظمت اس سے زیادہ ہے کہ کسی کے قلم کی سیاہی اس کو داغدار کر سکے ۔ ساری تاریخ ، تمام انسانی علوم ، حتیٰ کہ پوری کائنات ایسی ہر کوشش کی تردید ہے ۔ جس ہستی کے ظہور نے خود انسانی تاریخ کو بدل ڈالا ہو ، کون ہے جو اس کی تصویر کو بدلے ، کون ہے جواس کی تاریخ کو مٹا سکے۔