ڈِگری اور انگریزی

اگر آپ کی جیب میں بینک کا کریڈٹ کارڈ(credit card) ہے اور آپ شاپنگ سنٹر جائیں تو آپ کو اطمینان ہوتا ہے کہ آپ جو چیز بھی چاہیں گے، اس کو شاپنگ سنٹر سے خرید سکیں گے۔ آدمی کے پاس کریڈٹ کارڈ کا ہونا اِس بات کو ممکن بناتا ہے کہ وہ اپنی مطلوب چیز کو شاپنگ سنٹر سے بہ آسانی حاصل کرسکتا ہے۔یہی معاملہ جاب مارکیٹ(job market) کا ہے۔ موجودہ زمانے میں ہر جگہ بہت بڑا جاب مارکیٹ موجود ہے۔ کوئی بھی آدمی جاب مارکیٹ میں داخل ہو کر اپنی مرضی کے مطابق جاب حاصل کرسکتا ہے، البتہ اُس کی ایک شرط ہے۔ وہ شرط یہ ہے کہ آدمی کے پاس دو چیزیں موجود ہوں — ڈگری اور انگریزی۔ موجودہ زمانے میں ڈگری اور انگریزی کی اہمیت گویا کہ کریڈٹ کارڈ کی مانند ہے۔ آپ اپنے آپ کو ڈگری اور انگریزی کے اعتبار سے تیار کر لیجیے، اِس کے بعد آپ کو جاب یا روزگار کے معاملے میں کوئی شکایت نہ ہوگی۔

معاش ہر آدمی کی ایک لازمی ضرورت ہے۔ ہر آدمی کی یہ ضرورت ہے کہ اس کو کوئی قابلِ اعتماد معاشی ذریعہ حاصل ہو۔ قدیم زرعی دور میں معاشی ذریعہ زیادہ تر صرف ایک ہوتا تھا، اور وہ زرعی زمین (agricultural land) کا ذریعہ تھا۔ قدیم زمانے میں تمام لوگ براہِ راست یا بالواسطہ طورپر اِسی ذریعے سے اپنی معاش حاصل کرتے تھے۔

موجودہ زمانے میں صنعتی انقلاب(industrial revolution) نے حصولِ معاش کے ہزاروں نئے ذرائع پیدا کردیے ہیں۔ اِن نئے ذرائع کا براہِ راست تعلق تعلیم سے ہے، ایسی تعلیم جو آدمی کو ڈگری اور انگریزی دے سکے۔ موجودہ زمانے میں ہزاروں کی تعداد میں نئے قسم کے کام وجود میں آئے ہیں، مگر اِن تمام کاموں کاتعلق علم سے ہے۔ اِن حالات میں ڈگری اور انگریزی کی حیثیت گویا کہ شناختی کارڈ (indentity card) کی ہے۔ موجودہ زمانے میں ڈگری اور انگریزی، آدمی کی پہچان بناتی ہے۔ جس آدمی کے پاس یہ پہچان ہو، اُس کو موجودہ حالات میں اپنا معاشی مقام حاصل کرنے میں کوئی دقّت پیش نہیں آئے گی۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom