دو انسان

غزوۂ احد (۳ھ) میں مسلمانوں کو اپنے دشمنوں کے مقابلے میں شکست ہوئی ۔ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم زخمی ہو گئے۔ مسلمانوں میں بہت سے لوگ زخمی یا شہید ہو گئے۔ جنگ کے خاتمے پر مشرکین کا سردار ایک ٹیلہ پر کھڑا ہوا اور فاتحانہ جذبے کے تحت بلند آواز سے پکار کر کہا : لَنَا ‌عُزَّى وَلَا عُزَّى لَكُمْ (ہمارے  پاس عُزیٰ ہے اور تمہارے پاس کوئی عزیٰ نہیں)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر مسلمانوں نے جواب دیتے ہوئے کہا : اللهُ مَوْلَانَا وَلَا مَوْلَى لَكُمْ (اللہ ہمارا مددگار ہے اور تمہارا کوئی مدد گار نہیں )( السنن الكبرى – النسائي  حدیث  نمبر  11013)

 ان دونوں فقروں کی نفسیات پر غور کیجئے۔ مشرکین کا فقرہ فخر کی نفسیات سے نکلا ہو ا فقرہ ہے۔ اس کے برعکس اہل ایمان کا فقرہ عبدیت کی نفسیات سے نکلا ہوا فقرہ ۔ مشرک اپنے اکابر کو بت بنا کر انھیں پوجتے ہیں۔ وہ فخر کی نفسیات میں جینے والے لوگ ہوتے ہیں۔ اس کے مقابلےمیں مومن الله رب العالمین کو اپنا معبود بناتا ہے ، وہ اس کے آگے جھک کر اس کے بڑے ہونے کا اور اپنے  چھوٹے ہونے کا اقرار کرتا ہے۔ یہ چیز مومن کو تواضع کی نفسیات میں جینے والا انسان بنا دیتی ہے۔

 یہی نفسیاتی فرق وہ سب سے بڑی پہچان ہے جو اہل حق اور اہل باطل کو ایک دوسر سے سے الگ کرتی ہے۔ اہل حق عین  اپنے مزاج کے تحت فخر اور ناز کے جذبات سے خالی ہوتے ہیں۔ انھیں تواضع میں لذت ملتی ہے۔ اپنے کو غیر نمایاں کرنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ ان کا بولنا آہستگی کا بولنا ہوتا ہے۔ ان کی ہر روش میں نرمی اور اعتدال کا انداز پایا جاتا ہے۔ وہ سب کچھ اللہ کو سمجھتے ہیں، اور اپنے آپ کو بے کچھ کے مقام پر بیٹھا کر راضی ہو جاتے ہیں۔

 اہل باطل کا مزاج اس کے بالکل بر عکس ہوتا ہے ۔ وہ فخر اور گھمنڈ کے جذبات میں جیتے ہیں۔ وہ شہرت اور سرداری کے مقام پر بیٹھ کر خوش ہوتے ہیں۔ وہ جب بولتے ہیں تو ان کا ہر بول انانیت سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔ وہ چلتے ہیں تو ان کا چلنا ناز  کا چلنا ہوتا ہے۔ وہ سب کچھ اپنے آپ کو سمجھتے ہیں، وہ صرف اس وقت مطمئن ہوتے ہیں جب کہ اپنے آپ کو سب سے اونچی کرسی پر بٹھانے میں کامیاب ہو جائیں ۔

شرک کی نفسیات سے فخر پیدا ہوتا ہے اور توحید کی نفسیات سے تو اضع اور عبدیت۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom